اسلام آباد پولیس کا افسر خاتون ڈاکٹر کو ہراساں اور بلیک میل کرنے میں ملوث نکلا جسے انکوائری کے بعد نوکری سے برخاست کردیا گیا۔
گزشتہ دنوں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ڈاکٹر کا ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں اس نے ایک پولیس افسر اور ان کے دوست پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا اور پولیس افسران سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی تھی اور اس حوالے سے کارروائی کی درخواست دائر کی تھی۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’خاتون ڈاکٹر کی سب انسپکٹر کے خلاف درخواست پر انکوائری مکمل کرلی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے سب انسپکٹر کو نوکری سے برخاست کردیا، مزید قانونی کارروائی کےلیے ضابطے کے مطابق خاتون ڈاکٹر سے درخواست کےلیے رابطہ کر لیا گیا ہے تاکہ قانون کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
بیان میں ڈی آئی جی اسلام آباد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اسلام آباد پولیس میں خود احتسابی کا منظم اور مضبوط عمل موجود ہے، اسلام آباد پولیس خدمت خلق کے جذبے سے قانون کی بالادستی کےلیے مصروف عمل ہے۔