اپر دیر:
دیر بالا کے علاقے واڑی سور پل کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں ایک ڈمپر بے قابو ہو کر دو موٹر کاروں اور ایک سوزوکی پر چڑھ گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا جس کے باعث موقع پر افراتفری پھیل گئی۔حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
حادثے کے بعد جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافر گھنٹوں پھنسے رہے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ٹریفک کی بحالی کے لیے اقدامات کیے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔