زیلنسکی ٹرمپ ملاقات سے قبل یوکرین پر روسی میزائیلوں کی بارش، کیف لرز اٹھا

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے مطابق حملوں میں تقریباً 500 ڈرونز اور 40 میزائل استعمال کیے گئے


ویب ڈیسک December 28, 2025

روسی افواج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور دیگر علاقوں پر میزائلوں اور ڈرونز سے بڑے پیمانے پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور 46 زخمی ہو گئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے مطابق حملوں میں تقریباً 500 ڈرونز اور 40 میزائل استعمال کیے گئے، جن سے کیف کے مختلف علاقوں میں بجلی اور توانائی کا نظام متاثر ہوا۔ دارالحکومت میں تقریباً 10 گھنٹے تک فضائی حملے کا الرٹ جاری رہا۔

یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ توانائی کے متعدد مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث لاکھوں گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جبکہ شدید سرد موسم میں 40 فیصد سے زائد رہائشی عمارتیں ہٹننگ سسٹم سے محروم رہیں۔

صدر زیلنسکی نے ان حملوں کو امریکہ کی ثالثی میں جاری امن کوششوں کا جواب قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ روس نے واضح کر دیا ہے کہ وہ مذاکرات کو کس طرح دیکھتا ہے۔

یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب زیلنسکی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے فلوریڈا جا رہے ہیں، جہاں جنگ کے خاتمے، سکیورٹی ضمانتوں اور علاقائی کنٹرول پر بات چیت متوقع ہے۔

دوسری جانب روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ماسکو کی جانب آنے والے آٹھ یوکرینی ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق جنگ کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ مشرقی یوکرین کے علاقے ڈونیسک اور زاپوریزیا کے جوہری پلانٹ کا مستقبل ہے۔ تاہم ایک مجوزہ امن منصوبے پر دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات بدستور موجود ہیں۔

مقبول خبریں