اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت میں عوام کی سہولت کے لیے ایک اور بڑا ترقیاتی منصوبہ ریکارڈ مدت میں تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علی الصبح شاہین چوک انڈر پاس کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری فنشنگ ورک کا تفصیلی معائنہ کیا۔
وزیر داخلہ نے سائٹ پر کارپٹنگ کے کام کا مشاہدہ کیا اور انڈر پاس کے اطراف ہارٹیکلچر اور لینڈ اسکیپنگ کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے منصوبے کے اطراف مزید پودے لگانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خوبصورت اور ماحول دوست ڈیزائن شہریوں کے لیے خوشگوار احساس کا باعث بنے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ شاہین چوک انڈر پاس کو 31 دسمبر تک ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے علاقے میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ مستقل طور پر حل ہو گا، شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں آسانی ملے گی اور ٹریفک جام سے نجات حاصل ہو گی۔
دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے اور متعلقہ افسران بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔