ہالی ووڈ کی کامیاب ترین فلموں میں شامل اواتار کے ہدایتکار جیمز کیمرون نے نئی فلم ’اواتار: فائر اینڈ ایش‘ کی ریلیز کے بعد فرنچائز کے مستقبل پر خاموشی توڑ دی ہے۔
انٹرٹینمنٹ ویکلی سے گفتگو کرتے ہوئے 71 سالہ معروف فلم ساز نے کہا کہ وہ ابھی اس بات کا یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ اواتار کی کہانی فائر اینڈ ایش کے بعد بھی آگے بڑھے گی یا نہیں۔
جیمز کیمرون نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے، لیکن ہر نئی فلم کے ساتھ اس کی تجارتی کامیابی کو ثابت کرنا ضروری ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی وجہ سے اواتار 4 اور 5 نہ بن سکیں تو وہ باقاعدہ پریس کانفرنس میں مداحوں کو بتائیں گے کہ کہانی کو کس سمت میں لے جایا جانا تھا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ اواتار فلموں کو ناول کی شکل میں ڈھالنے پر غور کر رہے ہیں۔ ان کے یہ کہانی کے اصل اور مستند ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کا ایک اچھا طریقہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب ڈیڈلائن کی رپورٹ کے مطابق اواتار: فائر اینڈ ایش نے رواں ہفتے چھٹیوں کے دوران صرف امریکا میں 153.6 ملین ڈالرز کمائے اور کئی باکس آفس ریکارڈز توڑ دیے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم ابتدائی ہفتے میں ہی عالمی سطح پر ایک ارب ڈالرز کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ اواتار سیریز کی تیسری فلم ہے جو 19 دسمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی گئی تھی۔