کمنز، ہیزل ووڈ، ٹم ڈیوڈ کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق کوچ کی وضاحت

کمنز نے کیریبین میں ہونے والے گزشتہ ورلڈکپ کے بعد سے کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے


اسپورٹس ڈیسک December 29, 2025

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور ٹم ڈیوڈ کو انجری خدشات کے باوجود ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کے مطابق کمنز کو 15 رکنی عبوری اسکواڈ میں نامزد کیا جائے گا، تاہم ان کی حتمی دستیابی کا فیصلہ مزید چار ہفتوں بعد ہونے والے بیک اسکین کی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔

پیٹ کمنز کو جولائی میں کمر کی لمبر اسٹریس انجری ہوئی تھی، جس کے بعد وہ صرف ایک بین الاقوامی میچ کھیل سکے ہیں۔

انہوں نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کی، مگر احتیاطی تدابیر کے تحت سیریز کے بقیہ میچز میں انہیں آرام دیا گیا۔

کمنز نے کیریبین میں ہونے والے گزشتہ ورلڈ کپ کے بعد سے کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے۔

دوسری جانب بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں متاثرکن کارکردگی دکھانے والے جوش ہیزل ووڈ انجریز کے باعث ایشز میں شرکت نہ کر سکے، تاہم اب ان کی فٹنس بحال ہونے کی امید ہے۔

ٹم ڈیوڈ کو باکسنگ ڈے پر بگ بیش لیگ میں ہیم اسٹرنگ انجری ہوئی، تاہم کوچ کو یقین ہے کہ وہ ورلڈکپ تک فٹ ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 11 فروری کو کھیلے گا۔

آسٹریلوی ٹیم جنوری کے آخر میں پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی جو ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہوں گے۔

مقبول خبریں