پشاور:
خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف پولیس کی کارروائیوں کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جس میں سراغ رساں کتوں کی نمایاں کارکردگی کو بھی سراہا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا نے صوبائی پولیس کے K9 یونٹ کی سالانہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یونٹ کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اورمؤثر سیکیورٹی اقدامات کو سراہا ہے اور کہا کہ یونٹ نے رواں سال کے دوران امن کے قیام، دہشت گردی کے تدارک اور حساس تنصیبات کے تحفظ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
خیبرپختونخوا پولیس کے K9 یونٹ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق جدید پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت یافتہ کتوں اور مؤثر سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے صوبے بھر میں سیکیورٹی صورت حال کو مستحکم بنانے میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ K9 یونٹ نے بم ڈسپوزل اور سرچ آپریشنز کے دوران تربیت یافتہ کتوں کی مدد سے درجنوں حساس کارروائیوں کو کامیابی سے انجام دیا۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ عوامی مقامات، تعلیمی اداروں، مذہبی اجتماعات، وی آئی پی اور وی وی آئی پی موومنٹس، غیر ملکی اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور اہم سرکاری تنصیبات کے تحفظ کے دوران K9 یونٹ نے مشتبہ مواد کی بروقت نشان دہی کر کے ممکنہ خطرات کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہK9 یونٹ اور متعلقہ ٹیموں کی کارروائیوں کے نتیجے میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا، جس میں 64 ایس ایم جیز، 2 ایل ایم جیز، 13 ریپیٹرز، 202 پسٹلز، 81 رائفلز، 2 کلاشنکوف، 4 راکٹ لانچرز، 4532 گولیاں، 240 آتشی گولے، 2 آئی ای ڈیز اور 7 ہینڈ گرنیڈز شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 1185 سیکیورٹی ڈیوٹیز انجام دی گئیں، جن میں وی وی آئی پیز، وی آئی پیز، غیر ملکی و چینی شہریوں کی سیکیورٹی شامل ہے جبکہ معمول کی سیکیورٹی ڈیوٹیز بھی روزانہ کی بنیاد پر سرانجام دی گئیں۔
اس کے علاوہ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، اسنیپ چیکنگ اور بڑے عوامی و سرکاری ایونٹس کی سیکیورٹی کے دوران K9 ٹیموں نے مؤثر اور کلیدی کردار ادا کیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا نےK9 یونٹ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ K9 یونٹ جدید پولیسنگ کا ایک اہم ستون ہے، جو دہشت گردی اور تخریب کاری کے خلاف مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ ڈاگز اور اہلکاروں کی بدولت حساس مقامات اور اہم شخصیات کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
آئی جی پی خیبر پختونخوا نے ہدایت کی کہK9 یونٹ مستقبل میں بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بناتے ہوئے جدید تربیت اور سہولیات کے ذریعے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ سالانہ کارکردگی رپورٹ اس امر کی غماز ہے کہK9 یونٹ نے پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور فرض شناسی کے ساتھ خیبر پختونخوا کو محفوظ بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا، جسے آئندہ بھی مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔