سالِ نو کا تحفہ؛ متحدہ عرب امارات کا پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان

متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی صارفین پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے کی گئی


ویب ڈیسک December 31, 2025
متحدہ عرب امارات میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ

متحدہ عرب امارات میں نئے سال کے آغاز پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فیول پرائس کمیٹی نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور مارکیٹ کے رجحانات کا جائزہ لینے کے بعد نئی قیمتوں کی منظوری دیدی۔

جس کے تحت پیٹرول سپر 98 کی قیمت کم ہو کر 2.53 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ دسمبر 2025 میں اس کی قیمت 2.70 درہم فی لیٹر تھی۔

اسی طرح پیٹرول اسپیشل 95 کی قیمت میں بھی کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمت 2.42 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جو دسمبر میں 2.58 درہم فی لیٹر تھی۔

خیال رہے کہ یو اے ای میں پیٹرول کی قیمتوں کا تعین ہر ماہ فیول پرائس کمیٹی کی جانب سے کیا جاتا ہے جو عالمی تیل کی قیمتوں، سپلائی چین اور معاشی عوامل کو مدنظر رکھتی ہے۔

حالیہ مہینوں میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے بعد یہ کمی صارفین کے لیے خوش آئند قرار دی جا رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ نہ صرف نجی گاڑی استعمال کرنے والوں کو ہو گا بلکہ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے میں بھی اخراجات کم ہونے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مثبت اثر پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ایندھن کی قیمتیں آزاد منڈی کے نظام کے تحت طے کی جاتی ہیں اور حکومت کی جانب سے ہر ماہ باقاعدہ طور پر نئی قیمتوں کا اعلان کیا جاتا ہے، جس کا مقصد عالمی مارکیٹ کے مطابق شفاف اور متوازن قیمتوں کو یقینی بنانا ہے۔

 

مقبول خبریں