پاکستان میں سال 2026 کا پہلا سورج امیدوں اور دعاؤں کے ساتھ طلوع

کراچی میں نئے سال کے پہلے سورج نے صبح 7 بج کر 17 منٹ پر اپنی کرنیں بکھیرنا شروع کیں



سال 2026 کا سورج پاکستان میں نئی امنگوں، امیدوں اور خوابوں کے ساتھ طلوع ہو گیا۔ تلخ و شیریں یادوں سے بھرپور 2025 ماضی کی جھروکوں میں دفن ہو گیا جبکہ نئے سال کا آغاز دعاؤں، بارانِ رحمت اور بہتر مستقبل کی امیدوں کے ساتھ ہوا۔

کراچی میں نئے سال کے پہلے سورج نے صبح 7 بج کر 17 منٹ پر اپنی کرنیں بکھیرنا شروع کیں۔

شہریوں کی بڑی تعداد ہل پارک پہنچی جہاں انہوں نے سال 2026 کے پہلے طلوع آفتاب کے مناظر کیمرے کی آنکھ میں قید کیے۔

مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم دنیا اور خصوصاً پاکستان کے لیے امن و استحکام کے دعا گو ہیں۔

دوسری جانب جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث شہری نئے سال کا سورج نہ دیکھ سکے، تاہم بارش کو قدرت کی جانب سے بڑی نعمت قرار دیا جا رہا ہے۔

چار ماہ کی خشک سالی کے بعد برسنے والی بارانِ رحمت کو نئے سال کی دوسری بڑی خوشخبری کہا جا رہا ہے۔

صبح سویرے گرج چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارش سے شہر جل تھل ہو گئے، پارکس اور درخت دھل گئے اور فضا میں تازگی پھیل گئی۔

نئے سال کے پہلے دن کا آغاز جڑواں شہروں کی مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازِ فجر سے ہوا۔ بارش کے باوجود مساجد میں باجماعت نماز میں غیر معمولی رش دیکھا گیا۔

نماز کے بعد پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور مضبوط مستقبل کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

ادھر نئے سال کے سورج نے دو بڑی خوشخبریوں کے ساتھ طلوع ہونے کا پیغام بھی دیا۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دس روپے تک ریکارڈ کمی کو عوام کے لیے نئے سال کا بڑا تحفہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری خوشخبری خشک سالی کے بعد برسنے والی بارش ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ابرآلود موسم اور شدید دھند کے باعث نئے سال کے پہلے سورج کو اپنا مکھڑا دکھانے میں مشکلات پیش آئیں۔

لاہور میں طلوعِ آفتاب کا وقت صبح 7 بج کر 1 منٹ تھا، مگر بادل آڑے آ گئے اور سورج پوری طرح نمودار نہ ہو سکا۔ شہریوں کی یہ خواہش کہ نئے سال کے پہلے سورج کو کیمرے میں قید کریں، پوری نہ ہو سکی۔

شہر میں اس وقت درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ رات بھر وقفے وقفے سے ہلکی بوندا باندی ہوتی رہی۔ آج شام نئے سال کے پہلے سورج کے غروب ہونے کا وقت 5 بج کر 10 منٹ ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ دعا ہے نئے سال کا پہلا سورج امید، شکرگزاری اور نئے خوابوں کی علامت ثابت ہو، اور 2026 میں وہ تمام خواب پورے ہوں جو 2025 میں ادھورے رہ گئے تھے۔

کوئٹہ میں نئے سال کا سورج 7 بجکر 45 منٹ پر طلوع ہوا، نماز فجر میں ملک کی امن و سلامتی اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں کی گئیں، شہریوں کا کہنا تھا کہ دعا ہے سال نو کی پہلی کرن ملک میں خوشحالی لے کر آئے۔

یوں سال 2025 اپنی یادوں، تجربات اور سبق کے ساتھ ماضی کا حصہ بن گیا، جبکہ 2026 ایک نئی شروعات، نئی روشنی اور روشن مستقبل کی امید لے کر طلوع ہو چکا ہے۔

مقبول خبریں