پلوامہ حملہ بی جے پی کی سازش تھا؟ بھارتی رہنما کے چونکا دینے والے انکشافات

ان کے مطابق بغیر کسی شفاف تحقیقات، ٹھوس شواہد اور ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کرنا مودی حکومت کا معمول بن چکا ہے


ویب ڈیسک January 01, 2026

بھارتی سیاست میں پلوامہ حملے سے متعلق ایک بار پھر سنگین الزامات سامنے آ گئے ہیں۔

بھارتی رہنما سنتان پانڈے نے الزام عائد کیا ہے کہ 2019 میں ہونے والا پلوامہ حملہ کسی غیر ملکی کارروائی کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ یہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ایک سیاسی سازش تھی۔

بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق سنتان پانڈے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پلوامہ حملے کو عوامی جذبات بھڑکانے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے اس واقعے کے ذریعے اپنی نااہلی اور داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی۔

سنتان پانڈے نے سوال اٹھایا کہ حملے میں استعمال ہونے والا دھماکہ خیز مواد (آر ڈی ایکس) کہاں سے آیا، جس کا جواب آج تک بی جے پی حکومت عوام کو نہیں دے سکی۔ ان کے مطابق بغیر کسی شفاف تحقیقات، ٹھوس شواہد اور ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کرنا مودی حکومت کا معمول بن چکا ہے۔

بھارتی رہنما نے مزید الزام لگایا کہ مودی عوام کے جذبات کو بھڑکا کر اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیا جاتا ہے۔ ان کے بقول بمبئی حملہ، پلوامہ حملہ، سمجھوتہ ایکسپریس اور پہلگام جیسے واقعات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔

سنتان پانڈے کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام اب ان سیاسی ہتھکنڈوں کو پہچان چکی ہے اور مودی حکومت کی پالیسیوں پر سوالات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ان الزامات کے بعد بھارت میں پلوامہ حملے سے متعلق بحث ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔

مقبول خبریں