کراچی: مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار

فائرنگ کے تبادلے میں ایک گولی پولیس اہلکار کے سینے پر لگی جو بلٹ پروف جیکٹ کے باعث محفوظ رہا


ویب ڈیسک January 17, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان ایس ایس پی ملیر کے مطابق شیدی گوٹھ پل کے قریب شاہ لطیف پولیس نے موٹرسائیکل پر سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، اس دوران مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک گولی پولیس اہلکار کے سینے پر لگی تاہم بلٹ پروف جیکٹ کے باعث اہلکار محفوظ رہا، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے 5 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ہلاک ملزم کی شناخت تاحال کا عمل جاری ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے پسٹل بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کی نیت سے علاقے میں گشت کر رہے تھے۔

تھانہ ابراہیم حیدری کی حدود میں عمر کالونی کے قریب بھی پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

گرفتار زخمی ملزم کی شناخت سدیس عرف میگا ولد صدیق کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک عدد پسٹل بمع ایمونیشن، موبائل فونز اور کیش رقم برآمد کرلی گئی۔

زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، برآمد اسلحہ فرانزک کے لیے روانہ کردیا گیا ہے۔

مقبول خبریں