این آئی سی وی ڈی کے آپریشنل امور کے لیے 15.5 ارب روپے گرانٹ اِن ایڈ کی منظوری

لانڈھی کا کارڈیک انسٹیٹیوٹ دنیا کا سب سے بڑا دل کا اسپتال ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ


ویب ڈیسک January 21, 2026

کراچی:

وزیراعلیٰ سندھ نے این آئی سی وی ڈی کے آپریشنل امور کے لیے 15.5 ارب روپے گرانٹ اِن ایڈ کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت این آئی سی وی ڈی کا 84 واں گورننگ باڈی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکریٹری اور سیکریٹریز نے شرکت کی، اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی پروفیسر طاہر صغیر نے تفصیلی بریفنگ دی۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں این آئی سی وی ڈی سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے، وزیراعلیٰ سندھ نے این آئی سی وی ڈی کی قانونی حیثیت بحال کرنے کی منظوری دے دی ، مراد علی شاہ نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کو مالی سال 2025-26 میں 3.5 ارب روپے اضافی گرانٹ کی فوری ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ حکومت نے اب تک 10 ارب روپے کی منظوری دی ہے، این آئی سی وی ڈی کو مجموعی طور پر 4.6 ارب روپے خسارے کا سامنا ہے، انتظامی اور سروس اخراجات میں اضافے کے باعث فنڈنگ گیپ پیدا ہوا۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے این آئی سی وی ڈی میں چیف آپریٹنگ آفیسر اور چیف فنانشل آفیسر کی فوری تقرری کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ سی او او اور سی ایف او کی تقرری اوپن مارکیٹ اور مسابقتی عمل کے تحت ہوگی، قانونی ابہام دور کرکے ادارے کو بلا رکاوٹ عوامی خدمت کے قابل بنایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی نے 200 سے زائد ٹی اے وی آئی (TAVI) پروسیجرز مفت انجام دیے، نجی اسپتالوں میں ٹی اے وی آئی پروسیجر کی لاگت تقریباً 40 لاکھ روپے ہے، این آئی سی وی ڈی کراچی نے 2024 میں 9925 پرائمری اینجیو پلاسٹیز انجام دیں، این آئی سی وی ڈی دنیا کا سب سے بڑا پرائمری اینجیو پلاسٹی سینٹر ہے۔این آئی سی وی ڈی نے پہلی بار بلوچستان میں بچوں کے دل کے علاج کی سہولت فراہم کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے لانڈھی میں ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز پر پیش رفت کا جائزہ لیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ لانڈھی میں قائم ہونے والا ادارہ 1200 بستروں پر مشتمل ہوگا، لانڈھی کا کارڈیک انسٹیٹیوٹ دنیا کا سب سے بڑا دل کا اسپتال ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی سی وی ڈی کے انضمام اور انتظامی اصلاحات کے لیے بزنس پلان طلب کرلیا جبکہ کے پی ایم جی (KPMG) کی تقرری کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔

مقبول خبریں