پنجاب میں وائلڈ لائف سروسز کیلئے نیا پلیٹ فارم متعارف

شکار پرمٹ، بریڈنگ فارم لائسنس ودیگر متعلقہ سہولیات کیلئے درخواستیں ای بز پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی


آصف محمود January 28, 2026

لاہور:

وائلڈ لائف رینجرز پنجاب نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی آن لائن سہولیات کے نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے وائلڈ لائف سروسز کے لیے نیا پلیٹ فارم متعارف کرادیا۔

وائلڈ لائف رینجر کے مطابق اب وائلڈ لائف سے متعلق تمام آن لائن سروسز وائلڈ لائف پاس ایپ کے بجائے پنجاب حکومت کے'ای بز' آن لائن پورٹل پر منتقل کر دی گئی ہیں۔

اس تبدیلی کے بعد شکار پرمٹ، لائسنس، بریڈنگ فارم لائسنس، ڈیلرلائسنس اور دیگر متعلقہ سہولیات کے لیے درخواستیں ای بز پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔

چیف وائلڈ لائف رینجر پنجاب مبین الہیٰ نے بتایا کہ پاس ایپ پر دی گئی تمام درخواستوں کا مکمل ڈیٹا نئے ای بز پورٹل پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق شکار لائسنس اور پرمٹ کے لیے پہلے سے جمع کروائی گئی درخواستیں بھی خودکار نظام کے تحت نئے پلیٹ فارم پر منتقل ہو چکی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن شہریوں نے وائلڈلائف پاس ایپ کے ذریعے درخواستیں دی تھیں، انہیں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ ان کا ڈیٹا محفوظ طریقے سے نئے سسٹم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

وائلڈ لائف رینجر کا کہنا ہے کہ ای بز پورٹل کے ذریعے صوبائی محکموں کی مختلف آن لائن سہولیات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو آسان اور یکساں سہولت فراہم کی جا سکے۔

مقبول خبریں