بھارت میں حاملہ خاتون کمانڈو کا بیدردی سے قتل؛ ہولناک جرم کی دردناک کہانی

بھارت میں خاتون کمانڈو کو جہیز نہ لانے پر شوہر نے بیدردی سے قتل کردیا


ویب ڈیسک January 29, 2026
بھارت میں خاتون کمانڈو کو جہیز نہ لانے پر شوہر نے بیدردی سے قتل کردیا

بھارتی دارالحکومت دہلی میں قتل کی ایک ہولناک واردات میں حاملہ خاتون سوَات کمانڈو جان سے گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے بتایا کہ 27 سالہ کاجل چوہدری اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹیس کی تربیت یافتہ کمانڈو اور چار ماہ کی حاملہ تھیں۔

کاجل چوہدری کی شادی 2023 میں انکور نامی شخص سے ہوئی تھی اور جوڑے کا ایک ڈیڑھ سالہ بیٹا بھی ہے۔

انھیں مبینہ طور پر ان کے شوہر نے گھریلو جھگڑے کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا اور سر پر ورزش کرنے والے بھاری ڈمبل سے وار کیا۔

جس سے خاتون کمانڈو کا سر پھٹ گیا اور تیزی سے خون بہنے لگا جو ان کی موت کا سبب بن گیا۔ انھیں اسپتال لے جایا گیا جہاں موت کی تصدیق کردی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس دردناک کہانی کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ایک تعلیم یافتہ شوہر نے فرض شناس اور وطن پر جان نچھاور کرنے کی خواہش رکھنے والی کمانڈو کو محض جہیز نہ لانے پر مارا۔

کاجل کے بھائی نکھل پارلیمنٹ اسٹریٹ تھانے میں کانسٹیبل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ واقعے کے روز ان کی بہن نے فون کیا تھا اور ہماری بات چیت کے دوران ہی شوہر انکور نے ڈمبل سے حملہ کیا۔

نکھل نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ کاجل کی ساس اور دو نندیں انہیں مسلسل جہیز کے لیے ہراساں کرتی تھیں جب کہ شوہر انکور نے بھی کاجل کے والدین سے بھاری رقم لی تھی۔

پولیس نے انکور کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے اور وہ عدالتی تحویل میں ہے۔ انکور وزارتِ دفاع میں کلرک کے طور پر تعینات تھا۔

واضح رہے کہ کاجل چوہدری 2022 میں دہلی پولیس میں بھرتی ہوئیں اور ترقی کرتے ہوئے اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (SWAT) ٹیم میں بطور کمانڈو تعینات ہوئی تھیں۔

 

 

مقبول خبریں