وزارتِ صحت اور ڈریپ نے ہیپاٹائٹس ڈیلٹا کے خلاف عالمی تعاون اور مقامی تیاری کی جانب اہم قدم اٹھایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں چین کی معروف دوا ساز کمپنی ہواہوئی ہیلتھ کے نمائندگان نے شرکت کی۔
پاکستان میں تیزی سے پھیلتے ہوئے ہیپاٹائٹس ڈیلٹا وائرس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چین کی کمپنی نے جدید تحقیق پر مبنی ہیپاٹائٹس ڈیلٹا تھراپی (HH-003) کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
یہ دوا حال ہی میں فیز ٹو کے کامیاب بین الاقوامی کلینیکل ٹرائلز مکمل کر چکی ہے۔ چین میں اس کے محفوظ اور مؤثر ہونے کی بنیاد پر منظوری بھی حاصل کر چکی ہے۔ امریکن فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے اس علاج کو بریک تھرو تھراپی کا درجہ دیا ہے۔
حکومت ہُواہوئی ہیلتھ اور پاکستان کی ممتاز مقامی دوا ساز کمپنوں کے درمیان شراکت داری کے فروغ کیلئے اقدام کرے گی۔ اس اقدام کے تحت جدید حیاتیاتی ادویات کی مقامی تیاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دیا جائے گا۔
پاکستان میں ہیپاٹائٹس ڈیلٹا ایک سنگین طبی مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ ہیپاٹائٹس ڈی جگر کو متاثر کرنے والا ایک منفرد اور خطرناک وائرس ہے جو صرف اس صورت میں انسان میں بیماری پیدا کرتا ہے جب اس کے ساتھ ہیپاٹائٹس بی وائرس بھی موجود ہو۔