ایران میں یکے بعد دیگرے 2 خوفناک دھماکوں میں ہلاکتیں؛ اسرائیل کا بیان سامنے آگیا

ایرانی بندرگاہی شہر بندرعباس میں دھماکا اس وقت ہوا جب اسرائیل اور امریکا نے بڑے فوجی حملے کی دھمکی دی ہے


ویب ڈیسک January 31, 2026

ایران کے مصروف ترین اور معروف تجارتی حب بندرگاہ بندرعباس میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے ہیں جن میں جانی اور مالی نقصان بھی ہوا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق خلیج فارس کے ساحلی شہر بندر عباس میں کے علاقے میں واقع ایک 8 منزلہ رہائشی عمارت میں دھماکا ہوا۔

یہ دھماکے عمارت کے 2 فلورز میں ہوئے جس میں اب تک ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ درجنوں گاڑیاں اور دکانیں تباہ ہوگئیں۔

ایرانی حکام نے بتایا کہ تاحال دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں۔

اسی طرح ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان کے شہر اہواز میں بھی ایک اور دھماکا ہوا ہے جس میں چار ہلاکتوں اور 14 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

حکام کے مطابق اس واقعے کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاہم اس کی نوعیت ابتدائی طور پر حادثاتی معلوم ہوتی ہے۔

یہ دونوں دھماکے اس وقت ہوئے جب اسرائیل اور امریکا نے جوہری معاہدے کی میز پر آنے کے لیے ایران کو بڑی فوجی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔

امریکا کا ایک بڑا جنگی بحری بیڑہ آبنائے ہرمز میں فوجی مشقوں میں مصروف ہے اور ایک میزائل بردار جہاز ایلات میں لنگر انداز ہوچکا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایران میں دھماکوں پر اسرائیل سے رابطہ کیا تو دو اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ ایران میں ہونے والے دھماکوں سے اسرائیل کا کوئی تعلق نہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ اس قسم کی کوئی بھی کارروائی ابھی زیر غور نہیں لیکن اپنے دفاع کے لیے ہر وقت چوکنا ہیں اور کسی بھی جارحیت کا فوری و منہ توڑ جواب دیں گے۔

البتہ امریکا کی جانب سے ایران میں ہونے والے دھماکوں میں تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا حالانکہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ انھوں نے ایران کو ڈیڈ لائن دیدی ہے۔

ایران نے بھی فوری طور پر ان دھماکوں کی ذمہ داری اسرائیل یا امریکا میں کسی بھی ملک پر عائد نہیں کی۔

 

مقبول خبریں