پنجاب کے ضلع سرگودھا کے گاؤں تنکی والا میں خاتون کو شوہر اور اس کے بھائی نے قتل کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس نے کہا کہ ملزمان نے طبعی موت قرار دے کر تدفین بھی کر دی تھی، میت کو غسل دینے والی خاتون نے گلے پرتشدد کے نشان دیکھے اور اہل محلہ کو آگاہ کیا۔
پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ مجسٹریٹ کی منظوری کے بعد میڈیکل بورڈ لاش کا پوسٹ مارٹم کرے گا اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے فوری نوٹس لے کر ڈی پی او سرگودھا سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خاتون کے قتل کو چھپانے کی کوشش ناقابلِ معافی جرم ہے، ملزمان کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوانا یقینی بنایا جائے گا، خواتین کے خلاف جرائم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی تک ساتھ کھڑے رہیں گے، خواتین کے لیے محفوظ پنجاب حکومت پنجاب کا عزم ہے۔