ٹیسٹ کرکٹ میں اہم قانون تبدیل کر دیا گیا

قانون میں تبدیلی کی بڑی وجہ بیٹنگ اور بولنگ سائڈ کے درمیان توازن برقرار رکھنا اور میچ میں سنسنی برقرار رکھنا ہے


ویب ڈیسک February 03, 2026

ایم سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کے دن کے اختتام سے متعلق اہم قانون سمیت متعدد قوانین میں تبدیلیاں متعارف کرا دیں۔

منگل کے روز متعارف کرائے جانے والے ’لاز آف کرکٹ‘ کے نئے ایڈیشن کے مطابق قانون میں تبدیلی کے بعد ٹیسٹ میچ میں دن کے اختتامی اوور میں وکٹ گرنے کے بعد دن ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ نیا بیٹر آکر اسٹرائیک سنبھالے گا۔

ایم سی سی کی ذیلی کمیٹی برائے قانون کے مطابق اس قانون میں تبدیلی کی بڑی وجہ بیٹنگ اور بولنگ سائڈ کے درمیان توازن برقرار رکھنا اور میچ میں سنسنی برقرار رکھنا ہے۔

اس تبدیلی کے متعلق ایم سی سی کا کہنا تھا کہ اگر دن کے آخری اوور میں وکٹ گرے گی تو دن ختم نہیں ہوگا۔ قانون 12.5.2 میں تبدیلی کی وجہ بتاتے ہوئے ایم سی سی کا کہنا تھا کہ اگر فیلڈنگ سائیڈ آخری اوور میں وکٹ لیتی ہے تو بیٹنگ سائیڈ اپنا بیٹر وکٹ پر نہیں بھیجتی، یہ غیر منصفانہ عمل محسوس ہوتا ہے۔ جس وقت کنڈیشنز بولنگ سائیڈ کے حق میں ہوتی ہیں اس وقت اوور روک کر اگلے دن کروانا میچ سے سنسنی کو بھی ختم کر دیتا۔

ایم سی سی کے مطابق قانون میں تبدیلی کے بعد اب آخری اوور پورا کرانا ہوگا۔

اس کے علاوہ ایم سی سی نے ہٹ وکٹ اور اوور تھرو سمیت قانون میں 73 تبدیلیاں کی ہیں۔ جن کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا۔

مقبول خبریں