کراچی آپریشن سے کسی جماعت کو شکایت نہیں ہونی چاہئے چوہدری نثارکی ڈی جی رینجرز سندھ کو ہدایت

ڈی جی سندھ رینجرز نے وزیر داخلہ کو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائمز کے خلاف آپریشن سے آگاہ کیا


ویب ڈیسک September 25, 2014
وزیر داخلہ نے گورنر سندھ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کراچی میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی فوٹو: فائل

WASHINGTON: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کو ہدایت کی ہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں کسی بھی سیاسی جماعت اور عوام کو شکایت نہیں ہونی چاہئے۔

سندھ رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بلال اکبر نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے وزیر داخلہ کو صوبے میں امن ون امان کی صورت حال اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائمز کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے ڈی جی رینجرز سندھ کو ہدایت کی کہ آپریشن کے دوران سیاسی جماعتوں اور شہریوں کو کوئی شکایت نہیں ہونی چاہئیے۔

اس سے قبل وزیر داخلہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی تھی جس میں انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ کسی کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی ، رینجرز کی جانب سے کی گئی گرفتاریوں کی شفاف تحقیقات کرائی جائے گی۔

واضح رہے کہ رینجرز نے گزشتہ رات گلشن معمارمیں ایم پی اے آفس پر چھاپہ مارکرایم کیوایم کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا جس کے خلاف متحدہ نے احتجاج کرتے ہوئے شہر کے مختلف مقامات پر دھرنے دے رکھے ہیں۔

مقبول خبریں