ورلڈ اوپن اسکواش آخری پاکستانی امید بھی دم توڑ گئی

ایونٹ میں پاکستانی نمبر ون کھلاڑی ناصر اقبال بھی دوسرے راؤنڈ میں ہمت ہار گئے، بھارت کے سارو گھوشل نے 11-7 سے مات دی۔


Sports Desk November 18, 2014
قطر میں جاری ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کا منگل سے آغاز ہوگا۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

ورلڈ اوپن اسکواش میں پاکستان کی آخری امید بھی دم توڑ گئی، ناصر اقبال کا سفر دوسرے راؤنڈ میں بھارتی حریف سارو گھوشل کے ہاتھوں شکست سے تمام ہوگیا، چار کھلاڑی ابتدائی راؤنڈ میں ہی ہار گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق قطر میں جاری ایونٹ میں پاکستانی نمبر ون کھلاڑی ناصر اقبال بھی دوسرے راؤنڈ میں ہمت ہار گئے،ان کا سامنا ورلڈ نمبر 16 بھارت کے سارو گھوشل سے تھا، ابتدائی گیم میں گھوشل نے ناصر کو تھوڑی سی مزاحمت کے بعد 11-7 سے مات دی، دوسرے میں پاکستانی اسٹار نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے یکطرفہ مقابلے میں 11-5 سے کامیابی سیمٹ لی، تیسرے گیم میں بھی دونوں پلیئرز کے مابین ایک، ایک پوائنٹ کیلیے جنگ ہوتی رہی لیکن آخری لمحات میں قسمت نے گھوشل کا ساتھ دیا اور وہ 11-9 سے کامیاب ہوئے۔

1-2 کے خسارے میں جانے کے بعد ناصر اقبال نے چوتھے گیم کا آغاز بھی بجھے ہوئے دل کے ساتھ کیا اور وہ ابتدا سے ہی پیچھے چلے گئے، مقابلہ 2-9 کی سطح پر جاری تھا اس موقع پر ناصر نے چند عمدہ شاٹس کھیل کر شائقین سے داد وصول کی لیکن صرف تین پوائنٹس کا اضافہ کرنے کے بعد بھارتی کھلاڑی نے ملنے والے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اختتامی 2 پوائنٹس حاصل کرلیے۔

دوسری جانب چار بار ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کرنے والے مصری کھلاڑی امر شبانہ کی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے،انھوں نے سوئس نکولس مولر کو 3-1 سے زیر کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، مصر کے طارق میمن نے انگلش حریف ٹوم رچرڈ کو اسی مارجن سے مات دی۔

ہانگ کانگ کے میکس لی مصری کھلاڑی عبدالگواد کیخلاف سخت جدوجہد کے بعد 3-2 سے کامیاب رہے۔ روس کے اسٹیفن کوپینگرز نے ملائیشین اونگ بین ہی کا سفر صرف آدھے گھنٹے میں ہی 3-0 سے تمام کردیا۔ یاد رہے کہ25 ہزار ڈالر انعامی رقم کے ورلڈ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 5 کھلاڑی 8 سالہ وقفے کے بعد مین راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

ورلڈ نمبر 44 ناصر اقبال کو براہ راست انٹری ملی، عامر اطلس خان، فرحان زمان، دانش اطلس اور فرحان محبوب نے کوالیفائنگ رکاوٹ عبور کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی، عامر، دانش ، فرحان زمان اور فرحان محبوب ابتدائی مقابلوں میں ناکامی کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے، ناصر نے فتح کے بعد دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی لیکن پیر کو انھیں بھارت کے سارو گھوشل نے شکست دے دی۔ ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کا منگل سے آغاز ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں