پیپلزپارٹی میں ون مین شو چلانے والے شخص کا نام آصف زرداری ہے ذوالفقار مرزا

بلاول بھٹو دلبرداشتہ ہوکر لندن چلے گئے جب کہ عزیر بلوچ سمیت سندھ میں اسلحہ لائسنس میں نے جاری کیے،سابق وزیر داخلہ سندھ


ویب ڈیسک February 11, 2015
مجھے دیوار سے لگادیا گیا ہے لیکن پیپلزپارٹی کسی کے باپ کی نہیں ہماری پارٹی ہے، ذوالفقار مرزا، فوٹو: فائل

MUZAFFARGARH: سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقارمرزا کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی میں ون میں شو چلانے والے شخص آصف علی زرداری ہیں اور وہ سندھ حکومت کو بھی اپنے کاروبار کی طرح چلا رہے ہیں کیونکہ انہیں صرف اپنا کاروبار عزیز ہے جب کہ بلاول بھٹو دلبرداشتہ ہوکر لندن چلے گئے۔

ایک انٹرویو میں سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ شہید بے نظیر بھٹو کے بعد میرے لیڈر صرف بلاول بھٹو ہیں لیکن چند چمچے انہیں سیاست کرنے سے روک رہے ہیں اور انہوں نے ہی گروپ بنا کر بلاول بھٹو کو پارٹی سے دور کردیا جب کہ بلاول بھٹو کو سندھ میں طرز حکمرانی پر تحفظات ہیں وہ دلبرداشتہ ہوکر لندن چلے گئے لیکن میں لندن میں ان سے ملاقات کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بی بی شہید کا خون بیچاجارہا ہے اور نوکریاں فروخت ہورہی ہیں، بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد سندھ میں اوپن کرپشن ہاؤس ہے لیکن شہید بی بی نے اپنا خون اس لیے نہیں بہایا کہ چند لوگ ارب پتی سےکھرب پتی ہوجائیں۔

ذوالفقار مرزا نےکہا کہ پارٹی قیادت کی مرضی حکومت کو کاروبار بنانے میں شامل ہے، پارٹی اور سندھ حکومت میں ون میں شو چل رہا ہے جو آصف علی زرداری چلا رہے ہیں وہ سندھ حکومت کو بھی کاروبار کی طرح چلا رہے ہیں کیونکہ انہیں صرف اپنا کاروبار عزیز ہے، آصف زرداری ہر منافع بخش چیز کو اپنی ملکیت بنانے کی خواہش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مجھ سے کہا کہ آپ نے پارٹی کی پالیسی سے منہ کیوں موڑا جس پر جواب دیا کہ بی بی قاتلوں اور مجرموں سے مفاہمت کے حق میں نہیں تھیں، بے نظیر بھٹو نے سانحہ کارساز کے بعد چوہدری پرویز اور دیگر کو نامزد کیا تھا، چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر مجھے آصف زرداری کا فون آیا جس میں انہوں نے کہا کہ تم میری مفاہمتی پالیسی کو نقصان پہنچا رہے ہو۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فریال تالپور کا نوکر اپنی مرضی سے لوگوں کو نوکریوں پر لگواتا ہے، سندھ میں لوگوں کو بلیک میل کرکے شوگر ملوں پر قبضہ کیا گیا اور ان پر انور مجید نامی ایک ہی شخص کی اجارہ داری کرادی گئی، انور مجید کی شوگر ملوں کو سندھ بینک فنانس کرتی ہے، سندھ بینک اس کے گھر کی لونڈی ہے، آصف زرداری انور مجید کی وجہ سے اپنے لاڈلے بیٹے بلاول کو بھی بھول گئے لیکن ہوسکتا ہےکہ انور مجید کے پاس ایسی کوئی جادو کی چھڑی ہو جس سے آصف زرداری مجبور ہوں۔

ذوالفقار مرزا نے کہا کہ مجھے پونے تین لاکھ اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی درخواست کی گئی جس پر ڈیڑھ لاکھ جاری ہوئے تھے، عزیر بلوچ سمیت پورے سندھ میں اسلحہ لائسنس مکمل قانونی تقاضے پورے کرنے کےبعد جاری کیے گئے، کلاشنکوف سمیت کسی بھی خودکار ہتھیار دینے کا اختیار مجھے نہیں بلکہ رحمان ملک کے پاس تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دیوار سے لگادیا گیا ہے لیکن پیپلزپارٹی کسی کےباپ کی نہیں ہماری پارٹی ہے اس میں رہ کر ا پنے حق اور بی بی کے خون کے لیے لڑوں گا اور جلد ہی اپنی کتاب میں بہت سے رازوں سے پردہ اٹھاؤں گا۔

مقبول خبریں