بھوجا ایئر حادثے کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع

خراب موسم اور پائلٹ کے غلط فیصلے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، تحقیقاتی رپورٹ


این این آئی March 27, 2015
عدالت نے رپورٹ پر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔ فوٹو: فائل

ایوی ایشن ڈویژن نے بھوجا ایئر حادثے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی ہے جس میں خراب موسم اور پائلٹ کے غلط فیصلے کو حادثے کی وجہ قرار دیا گیا، عدالت عالیہ نے آئندہ سماعت تک فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

جمعرات کو یہاں اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھوجا ایئر طیارہ حادثہ کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی، ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے حادثے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد مرتب کی گئی رپورٹ 500 صفحات پرمشتمل ہے، حادثے کی تحقیقات سول ایوی ایشن کے سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ نے کی۔ رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ خراب موسم اور پائلٹ کا غلط فیصلہ تھا، پائلٹ کی حادثے کا شکار طیارہ اڑانے کی تربیت بھی نہیں تھی، حادثے کی ذمے داری بعض سول ایوی ایشن حکام پر بھی عائد ہوتی ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ عدالت نے رپورٹ پر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔


مقبول خبریں