اے لیول ریاضی کا پرچہ آؤٹ’’فیس بُک‘‘ کے ذریعے ہزاروں طلبا تک پہنچ گیا

برٹش کونسل نے دوبارہ امتحان کے انعقاد سے بچنے کیلیے پرچے کولیک قرار دے دیا


Safdar Rizvi May 14, 2015
پرچہ امتحان کے انعقاد کے بعد سوشل میڈیا پرجاری ہوا اگرکسی کے پاس اس سلسلے میں معلومات ہیں توفراہم کرے، برٹش کونسل فوٹو: فائل

KARACHI: کیمبرج امتحانی بورڈ اور برٹش کونسل ایک بار پھر کیمبرج امتحانات کی شفافیت برقرار رکھنے میں ناکام ہوگیا جس کے نتیجے میں ''اے لیول''کے امتحانات کے دوران ریاضی کا پرچہ آؤٹ ہوگیا۔

یہ پرچہ سوشل میڈیا کے ذریعے آؤٹ کیاگیا جو ''فیس بک''کے ذریعے کراچی سمیت ملک بھرکے ہزاروں طلبہ وطالبات تک پہنچ گیا اور اے لیول ریاضی کاامتحان دینے والے کراچی کے ہزاروں طلبا اس پرچے کے نکات سے پہلے ہی آگاہ ہوچکے تھے جس کے سبب کیمبرج امتحانی بورڈ اوربرٹش کونسل کی جانب سے ''اے لیول اوراولیول''کے امتحانات کی شفافیت اوراسے نقائص سے پاک رکھنے کے تمام تردعوے دھرے رہ گئے ، ادھر برٹش کونسل نے اے لیول کاریاضی کا پرچہ آؤٹ ہونے کی تصدیق توکردی تاہم ماضی کی طرح دوبارہ امتحان کے انعقاد(ری ایگزامن) سے بچنے کیلیے برٹش کونسل نے اپنی ویب سائٹ پر لفظ''leaked'' استعمال کرتے ہوئے موقف اختیارکیاہے کہ یہ پرچہ امتحان کے انعقاد کے بعد سوشل میڈیا پرجاری ہوا اگرکسی کے پاس اس سلسلے میں معلومات ہیں تو برٹش کونسل کوفراہم کرے۔

واضح رہے کہ برٹش امتحانی بورڈکے تحت تمام مضامین کے پرچے امتحانات کے بعدطلبا سے واپس لے لیے جاتے ہیں جسے امتحانی نتائج کے ساتھ جاری کیاجاتا ہے اور امتحانات کے انعقاد کے بعد پرچہ واپس لے کرنتائج کے اجرا تک طلبا سے اسے پوشیدہ رکھاجاتا ہے جس کے سبب برٹش کونسل کو پرچے کے انعقاد کے بعداس کے سوشل میڈیا پر ظاہر ہونے کے جاری موقف میں بھی اپنی ویب سائٹ پر لفظ '' لیک '' استعمال کرنا پڑا ہے، بتایا جارہا ہے کہ دوپہرکوجب کیمبرج اسکولوں کے طلبہ وطالبات اپنے امتحانی مراکز پر ریاضی کا پرچہ دینے پہنچے توان میں سے اکثر فیس بک کے ذریعے ریاضی کے پرچے سے آگاہ تھے کیونکہ یہ پرچہ پہلے ہی فیس بک پر ''پوسٹ''کیا جاچکا تھا۔

برٹش کونسل کی انتظامیہ نے اس معاملے سے آگاہ ہونے کے باوجود افراتفری کی صورتحال سے بچنے کیلیے فوری طور پر معاملے پر خاموشی اختیارکی، طلبہ سے آؤٹ ہونے والاپرچہ ہی حل کرایا گیاتاہم جب سوشل میڈیا پر ریاضی کا پرچہ آؤٹ ہونے کاچرچہ ہوا تو برٹش کونسل کواس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے ویب سائٹ پر اپناموقف جاری کردیاجس میں یہ بھی کہاگیاکہ اگرکسی کے پاس ریاضی کے اے لیول کے پرچے کے حوالے سے ناقابل تردید معلومات یاثبوت موجود ہیں توبرٹش کونسل سے ای میل کے ذریعے رابطہ کیاجاسکتاہے ۔

ادھر ''ایکسپریس'' نے اس معاملے پر جب برٹش کونسل فون کرکے ادارے کاموقف جاننے کی کوشش کی تو فون اٹھانے والی خاتون نے موقف اختیارکیاکہ یہاں سے لائن ٹرانسفرکرناممکن نہیں،کسی بھی سلسلے میں معلومات کے لیے ای میل کے ذریعے رابطہ کریں،برٹش کونسل کراچی کے نمائندے ارسلان ربانی سے بھی رابطے کی کوشش کی گئی تاہم وہ رابطے سے گریزکرتے رہے،مزید براں کیمبرج ایگزامینیشن بورڈکی پاکستان کے شہراسلام آباد میں مقیم نمائندہ عظمیٰ یوسف سے بھی موقف جاننے کے لیے انھیں فون کیا گیا تاہم انھوں نے فون ریسیو نہیں کیا۔

کیمبرج امتحانی بورڈ اوربرٹش کونسل کی جانب سے '' اے اور او لیول'' کا پرچہ آئوٹ ہونے کا محض 2سال میں دوسراواقعہ سامنے آیاہے، 2سال قبل برٹش کونسل کے تحت منعقدہ مطالعہ پاکستان اور اسلامیات کا پرچہ آئوٹ ہوگیاتھاجس پر کیمبرج امتحانی بورڈ کو باقاعدہ طورپرمتاثرین ہزاروں پاکستانی طلبا سے معافی مانگنا پڑی تھی،کیمبرج بورڈ کے احکام پربرٹش کونسل نے ایک بارپھر دونوں پرچے لیے تھے،پرچے دوبارہ لینے کے سبب طلبہ وطالبات میں تشویش پائی گئی تھی، بڑی تعداد میں طلبا اپنے سالانہ امتحانات سے فارغ ہوکرچھٹیاں گزارنے کے لیے بیرون ملک روانہ ہوگئے تھے۔

جنھیں نتائج سے قبل ہی پرچہ دوبارہ دینے کے لیے واپس آناپڑا تھا اور طلبا کی موسم گرما کی تعطیلات متاثر ہوگئی تھیں، گزشتہ برس کیمبرج امتحانی بورڈ اوربرٹش کونسل کی مشترکہ غفلت کے سبب بڑی تعدادمیں طلبا کی کیمسٹری کی امتحانی کاپیاں غائب ہوگئی تھیں جس کے سبب کئی اسکولوں کے سیکڑوں طلبا کے کیمسٹری کے نتائج روک لیے گئے تھے۔

نتائج جزوی طورپرجاری ہوئے تھے ،ذرائع کا کہناہے کہ برٹش کونسل نے رواں سال 2015میں ریاضی کاپرچہ آئوٹ ہونے پراس کے دوبارہ انعقاد(ری ایگزامن) سے بچنے اورطلبہ ،والدین اوراسکولوں کی تنقید سے فرارکے لیے پرچے کے انعقادکے بعداس کے ''لیک''ہونے کاموقف اختیارکیاہے جبکہ برٹش کونسل اورکیمبرج امتحانی بورڈ کوپاکستان اوربالخصوص کراچی میں دیگرغیرملکی امتحانی بورڈ کابھی سامناہے جوتیزی سے پاکستان کی سب سے بڑی مارکیٹ کراچی میں اپنے قدم جمارہے ہیں۔

مقبول خبریں