کرکٹ اینٹی کرپشن کوڈ کی منظوری آج دی جائے گی

پی سی بی گورننگ بورڈ اجلاس میں پاک بھارت سیریزپرآئندہ کا لائحہ عمل بھی طے ہوگا


Sports Reporter November 17, 2015
سپر لیگ پر پیش رفت، ٹیم کی کارکردگی، بجٹ اور کرکٹ کمیٹی کے فیصلے زیر بحث فوٹو: فائل

KARACHI: منگل کو لاہور میں شیڈول پی سی بی گورننگ بورڈ اجلاس میں اینٹی کرپشن کوڈ کی منظوری دی جائے گی، پاک بھارت سیریز کے بارے میں آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے ہوگا، پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں پیش رفت، قومی ٹیم کی کارکردگی، سالانہ بجٹ اور کرکٹ کمیٹی کے فیصلے بھی زیر بحث آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا 37واں اجلاس منگل کو 11بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں چیئرمین شہر یار خان کی زیر صدارت ہوگا، وہ اراکین کو پاک بھار ت سیریز کے بارے میں تازہ ترین صورتحال اور بی سی سی آئی کے صدر ششناک منوہر سے فون پر ہونے والی بات چیت سے آگاہ کرینگے۔

بھارتی بورڈ کی جانب سے کسی بھی ممکنہ پیشکش کی صورت میں پی سی بی کی پالیسی کا تعین کیا جائے گا،یاد رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی بھارتی میزبانی کی تجاویز مسترد کرتے ہوئے ایم او یو کے تحت یواے ای میں ہی سیریز کے انعقاد پر اصرار کرتے رہے ہیں۔

گذشتہ دنوں بھارتی میڈیا کے ذریعے آمدنی میں برابر کا حصہ دینے کی پیشکش بھی سامنے آئی تھی،گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اس معاملے پر بھی بات ہوگی، پیر کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ پاک بھارت سیریز کے حوالے سے اراکین کی رائے اہم ہوگی، ہمارا آئندہ لائحہ عمل اجلاس میں مشاورت سے طے ہوگا اور اس پر عمل درآمد بھی یقینی بنائیں گے، دریں اثنا میٹنگ میں اینٹی کرپشن کوڈ کی منظوری دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ملکی کرکٹرز کو بدعنوانی کی آلودگی سے محفوظ رکھنے کیلیے سخت قوانین متعارف کرائے گئے ہیں۔ میٹنگ میں پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی دبئی اور شارجہ میں شیڈول ایونٹ کے سلسلے میں پیش رفت سے آگاہ کریں گے، مختلف امور پر چیئرمین پی سی بی کی رپورٹ، قومی ٹیم کی کارکردگی، سالانہ بجٹ، کرکٹ کمیٹی اور ملک میں کھیل کے فروغ کیلیے کیے جانے والے اقدامات بھی زیر بحث آئیں گے۔

مقبول خبریں