نیب نے ڈاکٹرعاصم حسین کیخلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرلیا

ڈاکٹر عاصم پر الزام ہے کہ وہ اپنے اسپتال میں القاعدہ جنگجوؤں کوطبی سہولتیں فراہم کرتے رہے ہیں۔


INP/staff Reporter November 24, 2015
ڈاکٹرعاصم کے خلاف متعدد ریفرنس دائرکیے جائیں گے، فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو(نیب )نے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی مشیر ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرلیا ہے ،ان پر زمینوں پرقبضے،گیس کمپنیوں میں اربوں کی کرپشن،منی لانڈرنگ اور 3 ممالک میں اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

دوسری جانب رینجرز نے سابق وفاقی مشیرپٹرولیم اورچیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم سے 90روز کی نظربندی کے دوران کی جانے والی تحقیقات کامواد نیب کے سپردکردیا ہے،نیب کے تفتیشی اورقانونی ماہرین اس موادکوریفرنسزکی شکل دے کرمتعلقہ عدالتوں میں پیش کرنے کے لیے اس کا جائزہ لے رہے ہیں،تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرعاصم کیخلاف نیب نے بھی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں، ڈاکٹر عاصم کا رینجرز سے ریمانڈ ختم ہوتے ہی انھیں نیب گرفتار کر لے گی۔

یہ اطلاعات بھی ہیں ان پر دہشت گردی کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے ان پر الزام ہے کہ وہ اپنے اسپتال میں القاعدہ جنگجوئوں کوطبی سہولتیں فراہم کرتے رہے ہیں۔

علاوہ ازیں نیب ذرائع نے تحقیقاتی ریکارڈ وصول کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تحقیقاتی مواد کو قانونی صورت دینا اہم مرحلہ ہوتا ہے جس میں جائزہ لیا جاتا ہے کہ جومواد عدالت میں پیش کیا جارہا ہے اس کی تائید میں کتنی شہادتیں دستیاب ہیں،ذرائع نے بتایاکہ ڈاکٹرعاصم کے خلاف متعدد ریفرنس دائرکیے جائیں گے جن میں اختیارات سے تجاوزاور حیثیت کے غلط استعمال کے الزامات بھی شامل ہیں ۔

مقبول خبریں