انگلینڈ کی کوارٹر فائنل میں رسائی کا امکان روشن

لگاتار دوسری فتح، ویسٹ انڈیز کو61رنز سے مات، آل رائونڈ پرفارمنس پر ڈین لورینس میچ کے بہترین پلیئر قرار پائے۔


Sports Desk January 30, 2016
لگاتار دوسری فتح، ویسٹ انڈیز کو61رنز سے مات، آل رائونڈ پرفارمنس پر ڈین لورینس میچ کے بہترین پلیئر قرار پائے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے مسلسل دوسری فتح سمیٹ کر کوارٹر فائنل میں رسائی کا امکان روشن کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے مسلسل دوسری فتح سمیٹ کر کوارٹر فائنل میں رسائی کا امکان روشن کرلیا، انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو61 رنز سے مات دیدی، اب اتوار کو زمبابوے کیخلاف میچ میں محض ایک پوائنٹ بھی انھیں گروپ ' سی ' میں ٹاپ پوزیشن کا حقدار بنوانے کیلیے کافی ہوگا، انگلش کپتان براڈ ٹیلر نے ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کافیصلہ کرنے میں کوئی تاخیر نہیں کی۔

ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر282رنز بنائے، کولم ٹیلر 59 ، اوپنر ڈین لورینس55 اور جورج بارٹیلیٹ 48رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے، سیم کورین نے میدان بدر ہونے سے قبل 39رنز اپنے نام درج کرائے، گیڈرون پوپ نے 45رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، ویسٹ انڈین ٹیم جوابی اننگز میں 43.4 اوورز میں 221رنز پر ہمت ہارگئی، کیمپو پال 65 اور گیڈرون پوپ 60رنز بناکر مزاحمت کرپائے، ثاقب محمود نے 42رنز دے کر4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،سیم کورین اور ڈین لورینس نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔اسی گروپ کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے فجی کو 7 وکٹ سے مات دے دی۔

ٹاس جیتنے والی ناکام سائیڈ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 27.4 اوورز میں 81 رنزپرڈھیر ہوگئی،سی ٹوکوسوا 19رنز بناکر نمایاں ترین رہے، آف اسپنر ویسلے مادھیورے نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے24 رنزکے عوض 5 شکار کیے، بلیسنگ ماووٹا نے13رنز دیکر3 کھلاڑیوں کوپویلین چلتا کیا، زمبابوے نے آسان ترین ہدف 18.5 اوورز میں3 وکٹ پرحاصل کرلیا، برینڈن سیلے29 پر ناٹ آئوٹ رہے، جیریمی ایویز 23 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

گروپ ' اے ' میں نمیبیا نے اسکاٹ لینڈ کو9 وکٹ سے قابو کرلیا، ناکام سائیڈ36.3 اوورز میں159رنز پر آئوٹ ہوگئی، اویس شاہ 39 اور حارث عالم31 رنز بناکر نمایاں رہے، مائیکل وان لینگین نے19رنز دیکر3 وکٹیں لیں، نمیبیا نے ہدف 26 اوورز میں ایک وکٹ پرپالیا، ایس جی لوفٹی ایٹون نے ناقابل شکست ففٹی بنائی، وہ67 پر ناقابل شکست رہے، نیکو ڈیوین 52رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، زین گرین 39 پرناٹ آئوٹ رہے۔

مقبول خبریں