پی ایس ایل بورڈ کو میچ آفیشلز کے تقرر کا خیال آ ہی گیا

ایلیٹ پینل امپائر علیم ڈار فائنل میں احسن رضا کے ہمراہ ذمہ داریاں سرانجام دینگے


Sports Reporter January 31, 2016
ویسٹ انڈین امپائر جوئیل ولسن بھی پینل میں شامل، روشن ماہنامہ ریفری ہوں گے ۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل سے 5روز قبل پی سی بی کو میچ آفیشلز کے تقرر کا خیال آ ہی گیا، آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر علیم ڈار فائنل میں احسن رضا کے ہمراہ ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق 4سے 23فروری تک دبئی اور شارجہ میں شیڈول پاکستان سپر لیگ کے لیے میچ آفیشلز کا خاصی تاخیر سے اعلان کر دیا گیا، مجموعی طور پر 7 امپائرز اور2میچ ریفریز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اور ویسٹ انڈین امپائر جوئیل ولسن بھی فرائض سرانجام دیں گے، سانحہ لاہور میں شدید زخمی ہونے والے امپائر احسن رضا، شوزب رضا، احمد شہاب، راشد ریاض اور خالدمحمود بھی لیگ کے میچزکے دوران خدمات نبھائیں گے۔

میچ ریفریز میں سابق سری لنکن کرکٹر اور آئی سی سی ریفری روشن ماہنامہ اور پاکستانی محمد انیس کو رکھا گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے مابین ہوگا، اس میں شوزب رضا اور جوئیل ولسن فیلڈ امپائرز،راشد ریاض ٹی وی امپائر جبکہ ریزروز میں خالد محمود موجود ہوں گے۔

فائنل میچ میں علیم ڈار کو احسن رضا کا ساتھ حاصل ہوگا،جوئیل ولسن ٹی وی پر فیصلوں کے درست یا غلط ہونے کا تعین کریں گے، ریزرو میں احمد شہاب کو رکھا گیاہے۔افتتاحی تقریب میں نامور گلوگار علی ظفر اور ہیپ ہاپ سنگر سین پال اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، فنکاروں کا میلہ بھی سجے گا۔

مقبول خبریں