یوسف کا نام کے ساتھ ’’سابق‘‘ لکھوانے سے گریز

بورڈ کی شرط نظرانداز، ریٹائرمنٹ کااعلان کیے بغیر ہی ماسٹرزکرکٹ لیگ میں شریک


Sports Reporter February 03, 2016
بورڈ کی شرط نظرانداز،ریٹائرمنٹ کااعلان کیے بغیر ہی ماسٹرزکرکٹ لیگ میں شریک۔ فوٹو: فائل

محمد یوسف ریٹائرمنٹ کا اعلان کیے بغیر ہی ماسٹرز کرکٹ لیگ میں شریک ہیں، انھوں نے اپنے نام کے ساتھ ''سابق'' لکھوانا ضروری نہیں سمجھا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ماسٹرز لیگ میں شرکت کرنے والے کرکٹرز پر ریٹائرمنٹ کی شرط عائد کی تھی، ہدایات نظر انداز کرنے والوں پر ڈومیسٹک کرکٹ کے دروازے بند کرنے کی دھمکی دی گئی، چند کھلاڑیوں نے چاروناچار ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، یوں ان کو مستقبل میں اپنے ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کی جانب سے کھیلنے کے مواقع ملتے رہیں گے۔

دوسری جانب محمد یوسف 2010 میں ڈراپ کیے جانے کے بعد اب تک کسی انٹرنیشنل میچ میں ملک کی نمائندگی نہیں کرسکے، البتہ انھوں نے کھیل کو خیرباد کہنے کا باضابطہ اعلان بھی نہیں کیا۔ چند ہفتے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا تھا کہ میں طویل عرصے سے کسی بھی سطح پر ملکی کرکٹ نہیں کھیل رہا، پی سی بی کا ملازم نہیں ہوں،ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کی ضرورت نہیں سمجھتا۔

گذشتہ دنوں سابق کپتان ایم سی ایل میں شرکت کیلیے یواے ای بھی پہنچ گئے، وہاں ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ زندگی کی نئی اننگز میں کاروبار کررہا ہوں جو بہت اچھا جارہا ہے،ایسے میں کرکٹ سے پیشہ ورانہ وابستگی کی ضرورت محسوس نہیں کرتا لیکن میں فٹ اور کھیلنے کے قابل ہوں، ماسٹرز لیگ سے انٹرنیشنل معیار کے مقابلوں میں اپنا شوق پورا کرنے کا موقع ملے گا،انھوں نے کہا کہ اس ایونٹ سے یہ پیغام یہ بھی ملتا ہے کہ ماضی میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے کرکٹرز کی قدر اب بھی کم نہیں ہوئی،گزری باتوں کا بار بار ذکر کرنے کا کوئی فائدہ نہیں،آج کی مثبت چیزوں پر نظر رکھنا چاہیے،حقیقت یہ ہے کہ ہم امارات میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

مقبول خبریں