پاکستان نے ایک لاکھ ڈالر کے خصوصی بونس پر حق جتا دیا

آسٹریلیااورکیویزکی سیریزسے ٹیسٹ رینکنگ کی چوتھی پوزیشن پر فرق نہیں پڑے گا


Sports Desk February 11, 2016
بیٹسمینوں میں یونس خان اور کپتان مصباح الحق، بولرز میں یاسر شاہ ٹاپ10 میں موجود فوٹو: اے ایف پی/فائل

ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پر موجود پاکستان نے ایک لاکھ ڈالر کے خصوصی بونس پر حق جتا دیا کیونکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سیریز سے بھی قومی ٹیم کی پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا تاہم کینگروز کے پاس بھارت سے نمبر ون درجہ چھیننے کا موقع موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی کے فیصلے کیلیے یکم اپریل کی کٹ آف ڈیٹ مقرر ہوتی ہے،آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعے سے شروع ہونے والی 2میچز کی سیریز کے بعد ٹوئنٹی 20 کرکٹ ہی توجہ کا مرکز ہوگی، اس لیے 24 فروری کو ہی ٹاپ پرائز حاصل کرنے والی ٹیموں کے ناموں کا فیصلہ ہوجائے گا۔ آئی سی سی کی جانب سے کٹ آف ڈیٹ تک نمبرون ٹیم کو ٹرافی کے ہمراہ ایک ملین ڈالر، دوسرے نمبر کی سائیڈ5 لاکھ، تیسری 2 لاکھ اور چوتھی پوزیشن کی حامل ٹیم ایک لاکھ ڈالر کے خصوصی بونس کی حقدار ٹھہرتی ہے۔

پاکستانی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے جبکہ کٹ آف ڈیٹ تک اس کی پوزیشن میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کا امکان نہیں، اس لیے وہ پہلے ہی ایک لاکھ ڈالر پر اپنا حق جتا چکی ہے۔ اس وقت بھارتی ٹیم 110 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہے،اگر 109 پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز 1-0 سے جیت گیا تو 111 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر پہنچ جائے گا، سیریز میں کلین سوئپ سے پوائنٹس 112 ہوجائیں گے، اگر سیریز 1-1 سے برابر رہی تو پھر آسٹریلوی ٹیم کے پوائنٹس 109 اور وہ جنوبی افریقہ سے نیچے تیسرے نمبر پر چلی جائے گی۔

نیوزی لینڈ اگر دونوں ٹیسٹ جیت بھی گیا تب بھی پانچویں نمبر تک ہی پہنچ پائے گا۔ ادھر بیٹسمین رینکنگ میں پاکستان کے یونس خان چھٹے اور مصباح الحق نویںنمبر پر موجود ہیں، ٹاپ پوزیشن آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کے قبضے میں ہے، کیریئر کی آخری ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے کیوی کپتان برینڈن میک کولم اس وقت 19 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ بولرز میں پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کا تیسرا نمبر ہے، اسٹورٹ براڈ پہلے اور ایشون دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، ٹاپ ٹیسٹ آل راؤنڈر کا اعزاز بھی ایشون کے ہی پاس ہے۔

مقبول خبریں