’روٹھے ہو تم تم کو کیسے منائیں پیا‘ کے موسیقار روبن گھوش انتقال کر گئے

روبن گھوش نےروٹھے ہوتم تم کو کیسےمناؤں پیا اور سونا نا چاندی نا کوئی محل جان من جیسے مشہور گانوں کی موسیقی ترتیب دی۔


ویب ڈیسک February 13, 2016
روبن گھوش نےروٹھے ہوتم تم کو کیسےمناؤں پیا اور سونا نا چاندی نا کوئی محل جان من جیسے مشہور گانوں کی موسیقی ترتیب دی۔ فوٹو: فائل

کئی شہرہ آفاق فلمی گانوں کی موسیقی ترتیب دینے والے اور نامور پاکستانی اداکارہ شبنم کے شوہر روبن گھوش 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

1939 کو پیدا ہونے والے روبن گھوش 76 برس کی عمر میں بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں انتقال کر گئے، روبن گھوش نے کئی شہرہ آفاق گانوں کی موسیقی ترتیب دی۔ روبن گھوش کو60 کی دہائی میں اس وقت شہرت ملی جب احمد رشدی نے فلم چکوری، جہاں تم وہاں ہم اور پیسہ جیسی فلموں میں ان کے تربیت دیئے ہوئے گانے گائے۔

روبن گھوش کے مشہور گانوں میں روٹھے ہو تم تم کو کیسے مناؤں پیا، سونا نا چاندی نہ کوئی محل جان من، کہاں ہو تم کو ڈھونڈ رہی ہیں یہ بہاریں یہ سماں سمیت کئی مشہور گانوں کی موسیقی ترتیب دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے موسیقار روبن گھوش کے انتقال کر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ اداکار جاوید شیخ کا ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ روبن گھوش پاکستان کے بہترین موسیقار تھے، روبن گھوش کے سارنے گانے میرے پاس محفوظ ہیں، روبن گھوش اور شبنم نے پاکستان فلم انڈسٹری کو بہت سہارا دیا۔

2012 میں پاکستانی اداکاروں، ہدایت کاروں اور میوزیشنز کی جانب سے مشہور اداکار شبنم اور ان کے شوہر روبن گھوش کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کراچی آرٹس کونسل میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں دونوں نے شرکت کی تھی.

مقبول خبریں