بورڈ وہاب اور احمد شہزاد کے رویے سے سخت ناخوش

لڑائی پروارننگ جاری،اس طرح کے واقعات ایونٹ کا تاثر خراب کرسکتے ہیں، آفیشل


Sports Desk February 16, 2016
ڈسپلن کی سخت ترین خلاف ورزی کے باوجود صرف جرمانے پر کرکٹ کے حلقے حیران ۔ فوٹو : فائل

پاکستان سپر لیگ میچ کے دوران جھگڑنے پر پی سی بی وہاب ریاض اور احمد شہزاد سے سخت ناخوش ہے، دونوںکو وارننگ جاری کردی گئی، ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات ایونٹ کا تاثر خراب کرسکتے ہیں،کھلاڑیوں کو اپنا رویہ درست رکھنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو منعقدہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر احمد شہزاد نے وہاب ریاض کی ایک گیند پر چھکا لگایا،دوسری ہی گیند پر پیسر نے انھیں بولڈ کردیا،اس پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی،وہاب نے احمد کودھکا بھی دیا، دونوں نے غصہ دکھایا تاہم ساتھیوں نے بیچ بچاؤکرا دیا۔ خدشہ تھا کہ ان پر چند میچز کی پابندی عائد کردی جائے گی لیکن میچ ریفری روشن مہانامہ نے وہاب ریاض پر میچ فیس کا 40 اور احمد شہزاد پر 30 فی صد جرمانہ عائد کیا۔

اس پر کرکٹ کے حلقے حیران دکھائی دیتے ہیں، پی سی بی نے بھی کوئی بڑا ایکشن لینے کے بجائے صرف وارننگ دینے پر اکتفا کیا، ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات پی ایس ایل کا تاثر خراب کرسکتے ہیں،اس لیے کھلاڑیوں کو اپنا رویہ درست رکھنا ہوگا،ایک دوسرے پر جسمانی طور پر حملہ آور ہونا کسی طور بھی قابل قبول عمل نہیں ہے، سابق کرکٹرز نے حد سے زیاہ گرماگرمی پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو اپنی حدود کا خیال ہونا چاہیے تھا، دنیا بھر کے شائقین ان کی ایک ایک حرکت پر نظر رکھتے ہیں۔

ہوم ایونٹ میں انھیں زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا، شاید پی ایس ایل کو متاثر ہونے سے بچانے کیلیے بڑی سزا نہیں دی گئی۔ دونوں چہیتے کھلاڑیوں کے آپس میں جھگڑے کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ بالکل دونوں میرے قریب ہیں، ایسا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اچھا نہیں لگتا،اب ہوگیا تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ کھیل کی گرما گرمی میں ایسا ہوجاتا ہے، جھگڑا نہیں ہونا چاہیے تھا تاہم ہمیں اس کو بھول کر آئندہ چیلنجز کا سامنا کرنے کی تیاری کرنی چاہیے۔

مقبول خبریں