ویسٹ انڈین بورڈ نے پلیئرزکو ہتھیارڈالنے پرمجبورکردیا

بائیکاٹ کی دھمکیاں دینے والے12کھلاڑی پرانی تنخواہوں پرکام جاری رکھنے کو تیار


Sports Desk February 16, 2016
معاہدوں پر دستخط،ڈیرن براووکی ٹیسٹ کیریئرکو ترجیح،ورلڈ ٹوئنٹی20سے دستبردار فوٹو: اے ایف پی/فائل

DETROIT: ویسٹ انڈین بورڈ نے پلیئرز کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کردیا، معاوضوں کے تنازع پر ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے بائیکاٹ کی دھمکیاں دینے والے 12 کھلاڑی پرانی تنخواہوں پر کام جاری رکھنے کو تیار ہوگئے، انھوں نے معاہدوں پر دستخط کردیے، ڈیرن براوو میگا ایونٹ سے دستبردار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق چندروز قبل معاوضوں کے تنازع پر ویسٹ انڈین کرکٹ میں جو بھونچال آیا تھا وہ ختم ہوگیا، ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے منتخب 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر ان کے معاوضوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تو وہ میگا ایونٹ کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں۔

جس پر بورڈ نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کردیا تھاکہ جو کھلاڑی اتوار تک موجودہ فنانشل طریقہ کار کے تحت معاہدے پر دستخط نہیں کرتا، اسے ڈراپ کرکے کسی دوسرے کو منتخب کیا جائے گا، دھمکی کارگر ثابت ہوئی، اتوار کی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے ہی 13 میں سے 12 کھلاڑیوں نے معاہدوں پر دستخط کردیے، صرف ڈیرن براوو دستبردار ہوئے، انھوں نے بھی اس کی وجہ اپنی توجہ ٹیسٹ فارمیٹ پر مرکوز رکھنے اور میگا ایونٹ کے دوران علاقائی فرسٹ کلاس ایونٹ میں شرکت کو قرار دیا، انھوں نے کہا کہ میں نے رواں برس اپنے لیے کچھ اہداف مقرر کیے۔

ان میں طویل طرز میں زیادہ بہتر کارکردگی سرفہرست ہے۔یاد رہے کہ 15 رکنی اسکواڈ میں سے کیرون پولارڈ انجری اور سنیل نارائن بولنگ ایکشن کی وجہ سے دستبردار ہوچکے ہیں، پولارڈ کی جگہ کارلوس بریتھ وائٹ کا نام پہلے ہی سامنے آچکا جبکہ بورڈ نے نارائن کی جگہ ایشلے نرسے کو ٹیم میں شامل کرنے کا عندیہ دیاہے، ڈیرن براوو کے متبادل کا انتخاب بعد میں کیا جائے گا۔ بورڈ کے ساتھ معاہدہ کرنے والوں میں کپتان ڈیرن سیمی، ڈیوائن براوو، سموئل بدری، لینڈل سیمنز، جیروم ٹیلر، آندرے رسل، مارلون سموئلز، دنیش رامدین، کرس گیل، ایشلے نرسے اور کارلوس بریتھوائٹ شامل ہیں۔

مقبول خبریں