ڈچ فٹبال کے بھی ’’فکسنگ‘‘ سے آلودہ ہونے کا انکشاف

2009 میں ایک ڈومیسٹک میچ فکسڈ تھا، ہارنے پرکپتان اور ایک نامعلوم پلیئر کو 25،25 ہزار یورو دینے کا وعدہ کیاگیا


Sports Desk February 16, 2016
 فٹبالر ابراہیم کارگبو نے دولت کی خاطر ضمیر کو بیچا، فیڈریشن کی رپورٹ فیفا ، یوئیفا اور پولیس کو بھیجی جائے گی فوٹو: فائل

WASHINGTON: ڈچ فٹبال کے بھی فکسنگ سے آلودہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے،2009 میں ایف سی اٹریچٹ کے خلاف میچ فکسڈ تھا،ڈچ فٹبال ایسوسی ایشن (کے این وی بی) نے اپنی تحقیقات میں یہ بات ظاہر کی کہ 7 سال پہلے ڈچ لیگ فٹبال کے ایک میچ کے نتیجے کوفکسڈ کرنے کی کوشش کی گئی۔

کے این وی بی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ ڈچ فٹبال میں اس طرح کا کوئی کیس پہلی بارسامنے آیا ہے، تحقیقات میں فٹبالرابراہیم کارگبوکے حوالے سے کہا گیا کہ ویلیم ٹو ٹلبرگ سے کھیلتے ہوئے وہ فکسنگ میں ملوث رہے ہیں، انھوں نے2009 میں کھیلے جانے والے ایف سی اٹریچٹ کیخلاف لیگ میچ کے نتیجے کو فکسڈ کرنے کی کوشش کی، فٹبالر نے سنگاپورکے ولسن راج پرومال کے تعاون سے اس جرم کو انجام دیا، کے این وی بی کے آپریشنل ڈائریکٹر گجس ڈی جونگ نے کہا کہ ڈچ فٹبال یورپ میں اب تک ایسے معاملات سے بچی ہوئی تھی۔

ہم کافی عرصے سے متنبہ کررہے تھے کہ لیگ میں ایسا ہونے کا امکان موجود ہے، اسے قبول کرنا اب بھی کافی مشکل ہے لیکن ایسا ہو چکا، امید ہے کہ نیدرلینڈز میں ہنگامی طور پر اس وبا سے نمٹنے کے اقدامات کیے جائیں گے، کارگبو نے کپتان مائیکل ایرٹس اور تیسرے کھلاڑی جس کا نامعلوم نہیں ہوسکا سے وعدہ کیا تھا کہ اٹریچٹ کیخلاف میچ ہارنے میں وہ دونوں اگر ان کی مدد کریں تو فی کس25 ہزار یورو ملیںگے، اگرچہ اٹریچٹ اس میچ میں 1-0سے کامیاب رہا لیکن فکسنگ تحقیقات کا سامنا کرنے والے پریومال نے انھیں معاوضہ دینے سے انکار کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ 1-0سے زیادہ مارجن سے ہارنیکا تھا۔

ایسے قانونی شواہد موجود نہیں ہیں جو ایرٹس کے ملوث ہونے کا تعین کرپائیں، ابھی تک تیسرے شخص کی شناخت بھی نہیں ہوئی، ذرائع کہتے ہیں کہ ویلیم ٹو اور سیررا لیون کی نیشنل ٹیم کے درمیان ہونے والا بینیفٹ میچ بھی مشکوک تھا، نومبر2009 میں ہونے والے میچ کو خاص طور پر اس لیے منعقد کیا گیا تھا کہ اس کے نتیجے میں ردو بدل کرکے ایک ایشین بیٹنگ سینڈیکیٹ کو فائدہ پہنچایا جائے، ڈچ ایسوسی ایشن نے اپنی تحقیقات میں سیرر الیون کے دیگر میچز کو بھی مشتبہ قرار دیا ہے ، واضح رہے کہ گذشتہ برس ڈچ اخبار نے الزام عائد کیا تھا کہ ویلیم ٹو کے دوسرے میچز بھی فکسڈ تھے ۔

تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی،ڈچ فٹبال حکام نے اپنی رپورٹ فیفا، یوئیفا اور پولیس کو بھیجے گی، اب تک آخری بار نان لیگ انگلش کلب تھامیس میڈٹاؤن کی نمائندگی کرنے و الے ابراہیم کارگبو مستقبل میں نیدرلینڈز میں کسی بھی فٹبال سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے، انھیں سیرا لیون میں میچ فکسنگ کے حوالے سے پہلے ہی معطل کیا جاچکا ہے، واضح رہے کہ سنگاپورین سٹے باز 50سالہ پریومال 100سے زائد میچز کو فکسڈ کرنے کے الزامات پر عدالتوں کا سامنا کرچکے ہیں، وہ فن لینڈ اور ہنگری میں جیل بھی کاٹ چکے ہیں۔

مقبول خبریں