بھارت پہنچتے ہی پاکستانی کرکٹرز پر بالی وڈ کا رنگ چڑھ گیا

سرفراز،شعیب،عرفان،نوازاوربولنگ کوچ اظہر ٹی وی پروگرام میں ڈائیلاگ ادا کرتے رہے۔


Sports Desk March 18, 2016
سرفراز،شعیب،عرفان،نوازاوربولنگ کوچ اظہر ٹی وی پروگرام میں ڈائیلاگ ادا کرتے رہے ۔ فوٹو : فائل

KARACHI: بھارت پہنچتے ہی پاکستانی کرکٹرز پر بالی وڈ کا رنگ چڑھ گیا، سرفراز احمد، شعیب ملک، محمد عرفان، محمد نواز اور عبوری بولنگ کوچ اظہر محمود ایک ٹی وی پروگرام میں فلموں کے ڈائیلاگ ادا کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق میدان سے باہر کی سرگرمیوں کا خصوصی شوق رکھنے والے پاکستانی کرکٹرز نے ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے بھارت رخصتی کے بعد سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے اپنے پرستاروں کیلیے تصاویر ارسال کرنے میں میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا،اب ایک بھارتی ٹی وی چینل پر کئی پلیئرز بالی وڈ کی مشہور فلموں کے ڈائیلاگ ادا کرتے بھی نظر آئے، نائب کپتان سرفراز احمد نے تو ''دیوداس'' میں شاہ رخ کا زبان زد عام مکالمہ بخوبی دہراتے ہوئے پروگرام کے میزبان کو حیران کردیا، وکٹ کیپر بیٹسمین نے ڈائیلاگ ادا کیا ''باؤ جی نے کہا کہ گاؤں چھوڑ دو، سب نے کہا کہ پارو کو چھوڑ دو،پارو نے کہا کہ شراب پینا چھوڑ دو۔''انھوں نے لائنزکی اچھی ادائیگی سے ثابت کیا کہ ان میں ایک اچھا اداکار بننے کی صلاحیتیں موجود ہیں۔

آل راؤنڈر شعیب ملک نے فلم دل والے کا جملہ ''ہم شریف کیا ہوئے،پوری دنیا بدمعاش ہوگئی۔'' دہرانے کے بعد ''اوم شانتی اوم'' فلم کے ڈائیلاگ ''پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست'' پر بھی فنکاری دکھائی۔ طویل قامت پیسر محمد عرفان نے مختصر بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم کا نام تو نہیں آتا لیکن ڈائیلاگ یاد ہے ''ڈان کو پکڑنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔'' محمد نواز بھی سینئرزسے پیچھے نہیں رہے۔

آل راؤنڈر نے ''اوم شانتی اوم'' کا مشہور ڈائیلاگ سنایا ''اگر کسی چیز کو دل سے چاہو تو پوری کائنات تمہیں اس سے ملانے کی کوشش میں لگ جاتی ہے۔'' بولنگ کوچ اظہر محمود نے بھی فن کا جادو جگاتے ہوئے ''دل والے دلہنیا لے جائیں گے'' کا جملہ دہرایا''بڑے بڑے دیشوں میں ایسی چھوٹی چھوٹی باتیں اکثر ہوا کرتی ہیں۔'' یاد رہے کہ ان تمام فلموں کے ہیرو اور ڈائیلاگ شاہ رخ خان کے تھے۔

مقبول خبریں