پاکستان کپ: ٹکٹوں کی فروخت کا تجربہ بُری طرح ناکام

نصیر چیمہ / اسپورٹس رپورٹر  بدھ 20 اپريل 2016
مردان میں بم دھماکے کی اطلاع پر انتظامیہ نے شائقین کو داخلے سے روکے رکھا فوٹو: پی سی بی

مردان میں بم دھماکے کی اطلاع پر انتظامیہ نے شائقین کو داخلے سے روکے رکھا فوٹو: پی سی بی

فیصل آباد: پاکستان کپ میں ٹکٹوں کی فروخت کا تجربہ بُری طرح ناکام ثابت ہو گیا،اقبال اسٹیڈیم میں بیشتر اسٹینڈز خالی نظر آئے،افتتاحی میچ سے قبل مردان میں بم دھماکے کی اطلاع پر انتظامیہ نے کم تعداد میں آنے والے شائقین کو بھی اسٹیڈیم میں داخلے سے روکے رکھا، دریں اثنا پی سی بی آفیشل نجم سیٹھی نے ایونٹ کی رونقیں بڑھانے کی درخواست کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں اقبال اسٹیڈیم تقریباً خالی رہا، مردان میں بم دھماکے کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی، پولیس نے شائقین کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے روکے رکھا اور سخت چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی، بعد ازاں بھی اسٹیڈیم کے گرد پولیس کی بھاری نفری تعینات اور اسٹیڈیم میں داخلے کے خواہشمند ہر شہری کی کڑی نگرانی کرتی رہی، میچ کیلیے100اور 200روپے ٹکٹ رکھا گیا تھا، پی سی بی کا یہ تجربہ ناکام ثابت ہوا،چند سو شائقین ہی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ فیصل آباد میں منتظمین نے بہت کم وقت میں عمدہ انتظامات کیے ہیں، ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور پاکستان کو مستقبل کیلیے نیا ٹیلنٹ حاصل ہوگا، اس سے دورئہ انگلینڈ کیلیے بھی کھلاڑیوں کو میچ پریکٹس بھی ملے گی، انھوں نے کہا کہ ملکی کرکٹ کو درست خطوط پر استوار کرنے کیلیے اس نوعیت کی مسابقتی کرکٹ تواتر سے کرائیں گے۔

ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ فیصل آباد میں ایونٹ کا انعقاد ایک اہم سنگ میل ہے، یہاں سہولیات مزید بہتر بناتے ہوئے انٹرنیشنل میچز بھی کرائیں گے،ڈومیسٹک کرکٹ میں پہلی بار کپتانوں نے اپنی ٹیمیں خود منتخب کیں، وہ نتائج کے جوابدہ بھی ہونگے تاہم یہ باتیں ٹورنامنٹ کے بعد زیر بحث آئیں گی۔ انھوں نے کہا کہ شہریوں اور کاروباری حضرات سے درخواست ہے کہ اسٹیڈیم کی رونقیں بڑھائیں تاکہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے ہم ملک کا تاثر بہتر بنانے میں کامیابی حاصل کرسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔