دوبارہ ڈوپ ٹیسٹ نے یاسرکیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

دیگر3کرکٹرزکے بھی سیمپل لیے گئے لیکن اسپنرخاص ہدف ہوسکتے ہیں، منیجر


Sports Reporter June 04, 2016
دیگر3کرکٹرزکے بھی سیمپل لیے گئے لیکن اسپنرخاص ہدف ہوسکتے ہیں، منیجر :فوٹو:فائل

آئی سی سی کی جانب سے دوبارہ ڈوپ ٹیسٹ نے یاسر شاہ کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے کہا کہ اگرچہ دیگر 3 کرکٹرز کے بھی سیمپل لیے گئے لیکن لیگ اسپنر خاص ہدف ہوسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یاسر شاہ کو گذشتہ سال نومبر میں انگلینڈ سے یواے ای میں سیریز کے دوران ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پرپابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیگ اسپنر نے آئی سی سی کے سامنے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاعلمی میں اپنی بیگم کی بلڈ پریشرکی دوائی کھائی تھی، رواں سال مارچ کے اواخر میں سزا مکمل ہونے کے بعد وہ دورئہ انگلینڈ کیلیے دستیاب اوراسکلز کیمپ میں شریک ہیں۔

یاسر شاہ کو ٹیسٹ سیریز میں گرین کیپس کا اہم ہتھیار قرار دیا جا رہا ہے،جمعرات کو ایک بار پھر سیمپل لیے جانے پر پاکستانی کیمپ میں تشویش کے بادل چھاگئے ہیں، ایک خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے ٹیم منیجر انتخاب عالم نے کہا کہ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق، ون ڈے میں ہم منصب اظہر علی اور فاسٹ بولر جنید خان کے ساتھ یاسر شاہ کا بھی ڈوپ ٹیسٹ کیا گیا لیکن لیگ اسپنر کا ٹیسٹ ہدف ہوسکتا ہے، یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم ٹور میں طویل فارمیٹ کے 4 میچز کھیلے گی۔

پہلا ٹیسٹ 14 جولائی کو شروع ہوگا، اس کے بعد5 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 میچ شیڈول ہے۔آئی سی سی کی جانب سے مشکل اور طویل دورے سے قبل کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا، کسی کا بھی مثبت نتیجہ ٹیم کمبی نیشن کو بگاڑ سکتا ہے، اس سے قبل پی سی بی محمد حفیظ کی انجری کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال اور محمد عامر کے ویزے جیسے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش میں ہے۔

مقبول خبریں