خرم دستگیرکے دورہ ہنگری میں معاشی تعاون کامعاہدہ متوقع

معاہدے کامسودہ یورپی یونین کو آرا کے لیے بھجوا دیا،ہنگرین سفیر،وزیرتجارت سے ملاقات


Khususi Reporter June 18, 2016
پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) پر مذاکرات شروع کرنا چاہتا ہے، وزیر تجارت فوٹو: اے پی پی/فائل

وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان ہنگری میں تجارتی نمائش اور بزنس فورم منعقد کرے گا۔

پاکستان مغربی اور وسطی یورپ کے ساتھ مشرقی یورپ کو بھی برآمدات میں اضافے کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پاکستان میں متعین ہنگری کے سفیر اسٹوون زابو سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ پاکستان میں زرعی ٹیکنالوجی، فوڈپروسیسنگ، ڈیری پروسیسنگ، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پانی کی مینجمنٹ و ترسیل، شہری کوڑے کی مینجمنٹ اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی گنجائش ہے جس سے ہنگری کی کمپنیاں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ ہنگری کے سفیر نے بتایا کہ ہنگری کے ایکسپورٹ امپورٹ (ایگزم) بینک نے کام شروع کردیا ہے جس سے دونوں ممالک کی تجارت میں اضافہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ہنگری کے وزیر معاشی سفارتکاری کے دورہ پاکستان سے ہنگری میں اس تاثر میں اضافہ ہورہا ہے کہ پاکستان معاشی طور پر مستحکم ملک ہے، ہنگری پاکستان کی تجارت اورسرمایہ کاری کی ضروریات کو پورا کر سکتا ہے۔

پاکستانی کاروباری افراد بھی ہنگری میں خاصی دلچسپی لے رہے ہیں جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ برس پاکستان سے ہنگری کے لیے بزنس ویزے کے اجرا کی تعداد میں 10 فیصد اضافہ ہوا، ہنگری کراچی میں بزنس سیکشن بھی کھولے گا تاکہ دونوں ممالک کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو معاشی مواقع سے بروقت آگہی مل سکے۔

ہنگری پاکستانی طلبا کو 80 وظائف بھی فراہم کرے گا تاکہ ہنگری کے تعلیمی اداروں کی علمی تحقیق سے پاکستانی طلبا فائدہ اٹھا سکیں اور دونوں ممالک کے عوام کے مابین مثبت تعق قائم ہو، ہنگری پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کرنا چاہتا ہے جس کا مسودہ یورپی یونین کو آرا کے لیے بھجوا دیا گیا ہے اور وزیر تجارت کے دورے میں اس معاہدے پر دستخط کیے جا سکتے ہیں۔ ہنگری کے سفیر نے خرم دستگیر کو ہنگری کی معاشی سفارتکاری کے وزیر مملکت کی طرف سے ہنگری کا دورہ کرنے کا دعوت نامہ پہنچایا۔

مقبول خبریں