چوکوں چھکوں کی برسات میں ٹی 20 کا میلہ سج گیا

لاہور ایگلز کے عمران فرحت کی سنچری، کراچی ڈولفنز کے آفریدی نے ففٹی بنا کرکھوئی ہوئی فارم بحال ہونے کا اشارہ دیدیا


Sports Reporter December 02, 2012
کراچی زیبراز کیخلاف لاہورلائنز کی فتح کے بعد اکمل برادران عمر اور کامران پویلین واپس لوٹ رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

فلک بوس چھکوں اور چوکوں کی برسات کے ساتھ قومی ٹوئنٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا میلہ لاہور میں سج گیا۔

افتتاحی روز مجموعی طور پر 2 سنچریاں اور6 نصف سنچریاں بنیں، ٹیسٹ کرکٹر عمران فرحت نے بولرز کے چھکے چھڑاتے ہوئے ناقابل شکست سنچری بنا دی، حیدرآباد کے شرجیل خان نے بھی103 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی مگر ٹیم کو لاہور ایگلز کے ہاتھوں ہار سے محفوظ نہ رکھ پائے،شاہد آفریدی نے ففٹی بنا کر کھوئی ہوئی فارم بحال ہونے کا اشارہ دیدیا۔

محمد یوسف کی جگہ اچانک لاہور لائنز کی کپتانی سنبھالنے والے محمد حفیظ نے53رنز بنا کر قیادت کا حق ادا کیا، بہاولپور اسٹیگز کے عمران اللہ اسلم 89، کراچی زیبراز کے فہد اقبال59، افتخار احمد57 رنز اورراولپنڈی ریمز کے نوید ملک51 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

افتتاحی روز لاہور ایگلز،کراچی ڈولفنز، سیالکوٹ اسٹالینز، لاہور لائنز اور ملتان ٹائیگرز کی ٹیمیں حریفوں کو زیر کرنے میں کامیاب رہیں، پی سی بی کے زیر اہتمام پہلی بار کسی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی بہاولپور اسٹیگز نے آتے ہی دھماکا کرتے ہوئے گزشتہ برس کی رنرز اپ ٹیم راولپنڈی ریمز کو اپ سیٹ شکست دی۔

01

تفصیلات کے مطابق ایل سی سی اے گرائونڈ میں لاہور ایگلز نے حیدر آباد ہاکس کے خلاف58 رنز سے کامیابی حاصل کی، فاتح ٹیم نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹ پر224 رنز بنائے، عمران فرحت نے 8 چوکوں کی مدد سے58 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی،توفیق عمر نے65رنز بنائے، حیدر آباد ہاکس شرجیل خان کے ناقابل شکست 103 رنز کے باوجود شکست سے دامن نہ بچا سکی اور مقررہ اوورز پر 5وکٹ پر 166 رنز تک محدود رہی،جنید ضیا اور آصف رضا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی ڈولفنز نے پشاور پینتھرز کو40 رنز سے زیر کیا، ایل سی سی اے گرائونڈ میں فاتح ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7وکٹ پر164 رنز بنائے، آفریدی نے38 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 رنز اسکور کیے، شاہ زیب 33،انور علی 27اور اسد شفیق 21 رنز کیساتھ نمایاں رہے، وقار احمد اور عزیز اللہ نے 2،2 وکٹیں لیں، پشاور کی ٹیم 19.2 اوورز میں 124 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی،افتحار احمد کے57 اور اکبر بادشاہ کے32 رنز بھی اسے شکست سے نہ بچا سکے، انور علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

02

قذافی اسٹیڈیم میں لاہور لائنز نے کراچی زیبراز کو7وکٹ سے ہرادیا، مہمان ٹیم نے6وکٹ پر 141 رنز بنائے، فہد اقبال نے 5 چوکوں کی مدد سے 59 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی، رمیز عزیز نے 34 رنز بنائے، اعزاز چیمہ نے 2 وکٹیں حاصل کی۔ جواب میں لاہور لائنز نے ہدف 3 وکٹ پر پورا کر لیا۔

کپتان محمد حفیظ نے 53 اور عمر اکمل نے 43 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔باغ جناح میں دفاعی چیمپئن سیالکوٹ اسٹالینز نے یکطرفہ مقابلے میں اسلام آباد لیپرڈزکو 8وکٹ سے زیر کیا،ناکام ٹیم نے9 وکٹ پر122 رنز بنائے، بازید خان 28 اور شان مسعود 24 رنز کیساتھ نمایاں رہے، عمید آصف نے3 اور رانا نوید نے 2 وکٹیں حاصل کیں، اسٹالینز نے عمران نذیر کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت ہدف2 وکٹ پر 15.5 اوورز میں پورا کر لیا، اوپنر نے10چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے65 رنز بنائے، کپتان شعیب ملک21 پر ناٹ آئوٹ رہے۔

بہاولپور اسٹیگز نے راولپنڈی ریمز کو 19 رنز سے اپ سیٹ شکست دی، باغ جناح میں فاتح ٹیم نے5 وکٹ پر 173 رنز اسکور کیے، عمران اسلم نے89 رنز بنائے، سمیع اللہ نے2 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں راولپنڈی کی ٹیم 9 وکٹ پر154رنز ہی بنا سکی، نوید ملک نے50 رنز اسکورکیے، کاشف صدیق نے3 وکٹیں لیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں ملتان ٹائیگرز نے کوئٹہ بیئرز کیخلاف 10 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، ناکام ٹیم17 اوورز میں 72 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ملتان ٹائیگرز نے ہدف11ویں اوورز میں بغیر کسی نقصان پر پورا کر لیا، زین عباس نے 40 رنز بنائے۔

مقبول خبریں