کراچی سے اسلام آباد تک تحفظ اہلسنت مارچ کیا جائے گا

اسٹاف رپورٹر  پير 17 دسمبر 2012
ہمارے اکابرین نے قائداعظم محمدعلی جناح کے شانہ بشانہ پاکستان کیلیے قربانیاں دی تھیں. فوٹو: ایکسپریس/فائل

ہمارے اکابرین نے قائداعظم محمدعلی جناح کے شانہ بشانہ پاکستان کیلیے قربانیاں دی تھیں. فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: اہلسنت و الجماعت کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات علامہ اورنگزیب فاروقی نے کہا ہے کہ 11جنوری کو کراچی سے اسلام آباد تک تحفظ اہلسنت مارچ کیا جائے گا۔

حکومتی سرپرستی میں ملک بھر میں اہلسنت عوام کا قتل عام مزید برداشت نہیں کریں گے، قاتلوں کی عدم گرفتاری موجودہ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، حکومت اگر کراچی میں امن و امان کا قیام نہیں کروا سکتی تو اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجائے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز اہلسنت میں ہونے والے مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

03

اہلسنت و الجماعت کراچی کی مجلس شوری کے اجلاس کے اعلامیے کے مطابق لانگ مارچ سے پہلے تمام اضلاع اور ٹاؤنز میں بیداری اہلسنت مہم کے تحت پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ 25دسمبر قائداعظم ڈے پر مرکز اہلسنت ناگن چورنگی میں اہلسنت کارکنان کیلیے ورکرز کنونشن کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں اس بات کو اجاگر کیا جائے گا کہ قائداعظم محمدعلی جناح کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ہمارے اکابرین نے جس پاکستان کیلیے قربانیاں دی تھیں آج اسی قائد کے پاکستان میں اہلسنت کے خون کو پانی کی طرح بہانے کے ساتھ ساتھ بنیادی حقوق بھی چھینے جارہے ہیں۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق لانگ مارچ کی کامیابی کیلئے مختلف کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں جو 11جنوری تک تمام امور کی نگرانی کریں گی لانگ مارچ کراچی سے اسلام آباد تک اپنا سفر ایک ہفتے میں پورا کرے گا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔