پی پی5جنوری سے عوامی رابطہ اور انتخابی مہم کا آغاز کریگی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 20 دسمبر 2012
انتخابی سیل قائم کرنے کا فیصلہ، ملک بھر میں150سے زائد جلسے کیے جائیں گے. فوٹو: فائل

انتخابی سیل قائم کرنے کا فیصلہ، ملک بھر میں150سے زائد جلسے کیے جائیں گے. فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی اپنے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کے یوم پیدائش 5جنوری سے اپنی بھرپور عوامی رابطہ اور انتخابی مہم کا آغاز کردے گی۔

اس ضمن میں ملک بھر میں جلسے منعقد کیے جائیں گے، جس سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے، اس مہم کا آغاز جنوبی پنجاب کے سرائیکی علاقوں سے ہوگا۔

6

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق آئندہ انتخابات اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے ایک انتخابی سیل بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے سربراہ پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی ہونگے،اس سیل میں پیپلز پارٹی کے قائدین فریال تالپور، مخدوم امین فہیم، قمر زمانکائرہ، سید نوید قمر، سید خورشید احمد شاہ، جہانگیر بدر، سندھ، خیبر پختونخواہ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور وسطی پنجاب کے پارٹی صدور اور سیکریٹری جنرل شامل ہونگے،یہ سیل جلسوں اور اجتماعات کے انعقاد اور ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارٹی کے ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں سے مشاورت بھی کرے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے بعدوسطی پنجاب، خیبر پختون خواہ ، سندھ اور بلوچستان میں جلسہ منعقد کیے جائیں گے، ذرائع کے مطابق آئندہ انتخابات سے قبل ملک بھر میں 150 سے زائد جلسے منعقد کیے جائیں گے جن سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے، ان کے علاوہ ہزاروں عوامی اجتماعات اور کارنر مٹینگز بھی منعقد کی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔