ایشین ہاکی: پاکستان کا آج ملائیشیا سے مقابلہ ہوگا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 23 دسمبر 2012
چین کیخلاف میچ میں قومی پلیئرز کو آسٹروٹرف پر کچھ مسائل پیش آئے،شکیل عباسی فوٹو : فائل

چین کیخلاف میچ میں قومی پلیئرز کو آسٹروٹرف پر کچھ مسائل پیش آئے،شکیل عباسی فوٹو : فائل

دوحا: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اتوار کو اپنا تیسرا میچ ملائیشیا سے کھیلے گا، ٹیم اپنے دونوں ابتدائی میچز جیت چکی۔

سینٹر فارورڈ شکیل عباسی کا کہنا ہے کہ دوحہ ایونٹ میں چین کیخلاف میچ میں ہمارے پلیئرز کو آسٹروٹرف پر کچھ مسائل پیش آئے، وہ ابتدا میں بہت سخت ، تیزرفتار اور بائونسی تھی، ہمارے پلیئرز کو گیم پر کنٹرول پانے میں کچھ مشکلات کا سامنا رہا، میچ کے پہلے ہاف میں بھی ہماری ٹیم کچھ جدوجہد کرتی دکھائی دی تاہم بعدازاں فیلڈ اوپن ہوگئی اور ہم بہتر طور پر اپنے منصوبے کے مطابق کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے، دوسرے ہاف میں سب کچھ ہمارے قابو میں رہا اور ہمیں کچھ دقت پیش نہیں آئی، واضح رہے کہ چین نے دو مرتبہ پاکستان کی بالادستی کو ختم کرتے ہوئے مقابلہ برابر کیا تھا۔

2

ہاف ٹائم سے پہلے وقاص کے گول کی بدولت گرین شرٹس کو3-2 سے سبقت ملی اور پھر دوسرے ہاف ٹیم نے مزید دوگول داغ دیے، جمعے کی شب منعقدہ دیگر دو میچز میں بھارت نے جاپان کیخلاف 3-1 سے کامیابی حاصل کی جبکہ ملائیشیا نے اومان کو 4-1 سے ہرایا،دو راؤنڈ میچز کی تکمیل پر پاکستان، بھارت اور ملائیشیا ناقابل شکست بنی ہوئی ہیں، بھارتی کوچ مائیکل نوبس نے تسلیم کیا کہ  ان کی ٹیم نے جاپان کو آسان حریف خیال کیا تھا، اسے یہ مقابلہ بڑے مارجن سے جیتنا چاہیے تھا، میچ میں سستی برتی جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا، پلیئرز اہم مواقع پر گیند اپنے قابو میں نہیں رکھ پائے، ٹیم کو یہ مقابلہ کم از کم پانچ گول کے مارجن سے جیتنا چاہیے تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔