چیف جسٹس پاکستان کا جیکب آباد میں 2 بچیوں کو ونی کرنے کا نوٹس

پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد جرگے کے سربراہ کو گرفتار کرلیا ہے


ویب ڈیسک February 10, 2017
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد جرگے سرپنچ کو گرفتار کرلیا ہے۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے جیکب آباد میں جرگے کی جانب سے 2 کم سن بچیوں کو ونی کرنے کے معاملے کا ازخود نوٹس لے لیا۔

چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے جیکب آباد کے گاؤں کریم بخش ميں 2 کم سن بچیوں کو ونی ميں دینے کے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ سے رپورٹ طلب کرلی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : چیف جسٹس پاکستان نے سانحہ کوئٹہ کا ازخود نوٹس لے لیا

جرگے نے ایک تنازع پر ہاشم کو مخالف فریق کو 13 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا تھا، بچیوں کے والد ہاشم کے مطابق جرگے کے فیصلے پر انہوں نے 7 لاکھ روپے ادا کردیے ہیں تاہم 5 روز قبل جرگہ میں شامل افراد نے بقیہ رقم ادا نہ کرنے پر میری دونوں بیٹیوں کو ونی کرنے کا کہا تاہم 3 دن پہلے بچیوں کے والد محمد ہاشم نے ونی قرار دی گئی بیٹیوں کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی تھی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: چیف جسٹس پاکستان کا کمسن ملازمہ پر تشدد کے واقعے کا از خود نوٹس

دوسری جانب بچیوں کی والدہ مسمات پٹھانی کی مدعیت ميں جرگے سرپنچ عبدالغفار کھوسہ، رضا محمد، احمد کھوسہ سمیت 8 افراد کے خلاف کریم بخش تھانہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے کارروائی کے بعد جرگہ سرپنچ عبدالغفار کھوسہ اور رضا محمد سمیت احمد کھوسہ کو گرفتار کرلیا جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہيں۔

مقبول خبریں