فوجی عدالتوں کو دوبارہ قائم ہونا چاہیے، شہبازشریف

ویب ڈیسک  جمعـء 17 فروری 2017
سانحہ مال روڈ میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری اہم کامیابی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ آئی این پی

سانحہ مال روڈ میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری اہم کامیابی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ آئی این پی

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں کو دوبارہ قائم ہونا چاہیے کیونکہ ان عدالتوں سے دہشت گردوں کی سزائے موت پر فوری عمل ہوا۔

لاہور میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بتایا کہ سانحہ مال روڈ میں دہشت گردی کرنے والوں کو گرفتار کرلیا ہے، خودکش بمبار کا تعلق افغانستان سے تھا جب کہ اسے لانے والے کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ مال روڈ میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری اہم کامیابی ہے، دہشت گردوں کا گروہ افغانستان میں سے ہے وہ وہیں سے بیٹھ کر منصوبہ بندی کرتے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لاہورمال روڈ خود کش حملے کا سہولت کار گرفتار

شہبازشریف نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ افغانستان سے دہشت گرد آرہے ہیں اور وہاں سے دہشت گردی کا ہونا بہت سنجیدہ معاملہ ہے، وزیراعظم افغان حکومت کے ساتھ معاملہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں پنجاب حکومت نے کوئی کسرنہیں چھوڑی ہے، اگر صوبے میں سپر گرینڈ آپریشن کی ضرورت ہوئی تو کون انکار کرے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کو دوبارہ قائم ہونا چاہیے جس سے دہشت گردوں کی سزائے موت پر فوری عمل ہوا، دہشت گردی پوری قوم کا مشترکہ مسئلہ ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور دہشت گرد پاکستانی قوم کو شکست نہیں دے سکتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔