اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان کیخلاف الیکشن کمیشن میں کارروائی روکنے کا حکم

الیکشن کمیشن کے 3نوٹیفکیشن معطل،تعلیمی اداروںمیںمنشیات فروشی کے مقدمے میں جواب کے لیے مہلت


Numainda Express May 05, 2017
عدالت نے ایفی ڈرین کیس میںفردجرم کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کیخلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی روکنے کا حکم دیتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

جسٹس عامر فاروق نے عوامی نمائندوں کو انتخابی مہم سے روکنے کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشنز کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ جلسہ جلوس کرنا سیاسی رہنماؤںکا حق ہے، الیکشن کمیشن کے تین نوٹیفکیشنز کو کالعدم قرار دیا جائے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس زیرالتوا کیسز ختم کیا جائے،آئین کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی جلوسوں اور عوامی رابطوں کا حق ہے تاہم الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کے تین نوٹیفکیشن کو وقتی طور پر معطل کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو معاونت کیلیے نوٹس جاری کر دیا جبکہ کیس کی سماعت15 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔

دوسری جانب فاضل جج نے اسلام آبادکے تعلیمی اداروں میں منشیات کی فروخت کیخلاف کیس میں ڈپٹی اٹارنی جنرل سے دس روز میں جواب طلب کر لیا۔ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ایفی ڈرین کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے سمیت 11 ملزمان پر فرد جرم عائدکرنے کی درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ ہائیکورٹ کے بینچ کی عدم دستابی کے باعث ڈپٹی چیئرمین نیب امتیاز تاجورکیخلاف مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی گئی۔

مقبول خبریں