دیارِغیر میں وطن جیسا سماں پاکستان زندہ باد کے نعرے

سبزپرچم، بینڈ باجے اور ناچ گانے شائقین کا لہو گرماتے اورٹیم کا حوصلہ بڑھاتے رہے


Sports Desk June 15, 2017
سبزپرچم، بینڈ باجے اور ناچ گانے شائقین کا لہو گرماتے اورٹیم کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔ فوٹو : اے ایف پی

انگلینڈ کیخلاف گرین شرٹس کی فتح کے جشن نے دیار غیر میں ہوم گراؤنڈ کا سماں پیدا کردیا، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

انہونی کو ہونی میں تبدیل کرنے میں مشہور پاکستان ٹیم مضبوط انگلینڈ سے سیمی فائنل کیلیے میدان میں اتری تو دنیا بھر میں موجود شائقین و تارکین وطن کو بھی امید تھی کہ ایک اور اپ سیٹ ہوکر رہے گا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کارڈف کے صوفیہ گارڈن اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے پاکستانیوں کی تیاریاں دیکھ کر لگتا تھا کہ بارات لیے دلہن کو لینے آئے ہیں،کہیں ڈھول بج رہے تھے تو کہیں بینڈ باجا اور کہیں شائقین ناچ گانے اور نعرے بازی میں مصروف تھے، موقع کی مناسبت سے لڑکیاں بھی خوب بن ٹھن کر آئی ہوئی تھیں، لڑکے بھی منہ پر رنگ لیپ کر آئے۔

سبز پرچم لہراتے پرستاروں کا کہنا تھا کہ ان کو ٹیم پر ایسا بھروسہ ہے جیسے ماں کا اپنے لاڈلے بچے پر ہوتا ہے۔ ماں کو اپنے بچوں میں عیب نظر نہیں آتے ویسے ہی ہم بھی اپنے کھلاڑیوں کی غلطیوں کو فی الحال نظر انداز کر رہے ہیں، جیت ہماری ہوگی، بالآخر پرستاروں کی امیدیں بر آئیں، گرین شرٹس نے برج الٹتے ہوئے فائنل میں قدم رکھ دیے، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی،میدان کے اندر کھلاڑیوں کے جشن میں شامل رہنے والے شائقین اسٹیڈیم سے باہر نکلتے ہوئے بھی خوشی سے نہال نظر آئے۔

ایک اور دلچسپ بات یہ تھی کہ کارڈف میں بھارتی بھی بڑی تعداد میں آئے ہوئے تھے، وہ چاہتے تھے کہ پاکستان کی جیت ہو تاکہ فائنل میں روایتی حریف مقابل ہوں تاہم ان کو ایک خوف بھی تھا کہ سیمی فائنل میں بنگلادیش بھی کہیں اپ سیٹ نہ کردے۔

مقبول خبریں