روی شاستری کوچ کا عہدہ ملتے ہی قابو سے باہر

مشاورتی کمیٹی سے اختلافات،ظہیراور ڈریوڈ کو مجھ پر تھوپا گیا،سابق کپتان


Sports Desk July 15, 2017
مسلط نہیں کیا،صلاح و مشورے کے بعد ہی فیصلہ ہوا تھا، کمیٹی کا جواب۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: نئے بھارتی کوچ روی شاستری عہدہ ملتے ہی قابو سے باہر ہو گئے،ان کے مشاورتی کمیٹی سے اختلافات کھل کر سامنے آئے ہیں۔

سابق کپتان کا موقف ہے کہ انھیں پسند کے معاون بولنگ اور بیٹنگ کوچز رکھنے کا اختیار ہونا چاہیے تھا مگر یہ کام بھی مشاورتی کمیٹی نے کیا اس لیے وہ ناراض ہیں، برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق ایک انٹرویو میں روی شاستری نے کہا کہ بطور معاون کوچز ظہیر خان اور راہول ڈریوڈ کو مجھ پر تھوپا گیا ہے۔

بی سی سی آئی کی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی سابق کھلاڑیوں سچن ٹنڈولکر، سارو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن پر مشتمل ہے، اس نے روی شاستری کو ورلڈ کپ 2019تک کوچ مقررکیا ہے۔اسی کے ساتھ سابق کرکٹر راہول ڈریوڈ کو بیٹنگ اور ظہیر خان کو بولنگ کوچ کی ذمہ داری ملی، خبر رساں ایجنسی کے مطابق مشاورتی کمیٹی شاستری کے بیان سے خوش نہیں اور اس نے کرکٹ انتظامیہ کو ایک خط لکھ کر وضاحت طلب کی ہے،3 رکنی کمیٹی نے لکھاکہ ہم نے راہول ڈریوڈ اور ظہیر خان کو روی شاستری پر مسلط نہیں کیا،اس بارے میں ان سے صلاح و مشورے کے بعد ہی فیصلہ کیا گیا تھا۔

ظہیر خان اور راہول ڈریوڈ کے نام سامنے آنے کے بعد سے ہی میڈیا میں ایسی خبریں آنے لگی تھیں کہ روی شاستری نے اپنی پسند کے معاون عملے کا مطالبہ کیا ہے، انھوں نے سپریم کورٹ کی طرف سے مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن سے ملاقات کرکے ظہیر خان سے متعلق اپنے تحفظات پر بات کی تھی، وہ بھارت ارون کو بولنگ کوچ بنانا چاہتے ہیں۔ شاستری کوویرات کوہلی کی سفارش پر کوچنگ کا کام سونپا گیا ہے، ان سے قبل یہ ذمہ داری انیل کمبلے کے سپرد تھی جنھیں کپتان سے اختلافات کے سبب گھر واپس جانا پڑا۔

مقبول خبریں