شاہد خاقان عباسی کی زندگی پر ایک نظر

شاہد عباسی کے والد خاقان عباسی ائر فورس کے اعلیٰ افسر اور جنرل ضیاء الحق مرحوم کے قریب تھے


ویب ڈیسک August 01, 2017
شاہد خاقان عباسی 1988 کے بعد سے اب تک 6 بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے ہیں۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے شاہد خاقان عباسی 18 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی 27 دسمبر 1958 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے جارج واشنگٹن یونی ورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور 2003 میں نجی فضائی کمپنی ایئربلیو قائم کی۔

1988 میں ان کے والد اور اُس وقت کے وزیر پیداوار خاقان عباسی اوجڑی کیمپ حادثے میں جاں بحق ہوگئے جس کے بعد شاہد خاقان عباسی پہلی بار راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ دوسری بار 1990 کے عام انتخابات میں وہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور انہیں پارلیمانی سیکرٹری برائے دفاع بنایا گیا۔ تیسری بار 1993 کے الیکشن میں وہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور انہیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا چیرمین بنایا گیا۔ چوتھی بار 1997 کے الیکشن میں وہ رکن اسمبلی بنے۔ 1997 سے 1999 تک نواز شریف کے دوسرے حکومت میں وہ قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے چیرمین بھی رہے تھے۔

نواز حکومت ختم ہونے کے بعد انہیں گرفتار بھی کیا گیا اور دو سال بعد رہا کیا گیا۔ 2002 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کے ہاتھوں وہ پہلی بار عام اتخابات میں شکست سے دوچار ہوئے۔ 2008 میں وہ پانچویں مرتبہ رکن اسمبلی بنے اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی حکومت میں وزیر تجارت اور وزیر دفاعی پیداوار کے عہدوں پر بھی فائز رہے لیکن پھر مسلم لیگ (ن) نے پی پی پی سے اتحاد ختم کردیا جس کے نتیجے میں شاہد خاقان عباسی وزارت سے مستعفی ہوگئے۔ 2013 میں وہ چھٹی بار رکن اسمبلی بنے اور وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل کا عہدہ دیا گیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد کابینہ تحلیل ہونے کے ساتھ شاہد خاقان عباسی کی وزارت بھی ختم ہوگئی۔

مقبول خبریں