ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کمی کردی گئی

ايل پی جی كی قيمتوں میں كمی كے بعد گھريلو سلنڈر 170 روپے اور كمرشل سلنڈر 650 روپے سستا ہوگيا۔


Numainda Express/ February 21, 2013
مشير پيٹروليم كی ايل پی جی پاليسی 2013 پر انتھک كوششوں كی وجہ سے ایل پی جی کی قيمت ميں كمی رونما ہوئی ہے، چیرمین ايل پی جی ڈسٹری بيوٹرز ايسوسی ايشن پاكستان عرفان كھوكھر فوٹو: فائل

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کی کمی کردی جس كے بعد گھريلو سلنڈر 170 روپے اور كمرشل سلنڈر 650 روپے سستا ہوگيا،قمیتوں میں کمی کا اطلاق فوری ہوگا۔

ايل پی جی ڈسٹری بيوٹرز ايسوسی ايشن پاكستان كے چيئرمين عرفان كھوكھر کا کہنا ہے کہ مشير پيٹروليم ڈاکٹرعاصم حسین كی ايل پی جی پاليسی 2013 پر انتھک كوششوں كی وجہ سے ایل پی جی کی قيمت ميں كمی رونما ہوئی ہے اور آئندہ چند روز ميں قيمتوں ميں مزيد كمی كا امكان ہے۔

قيمتوں ميں كمی كے بعد كراچی اور حيدرآباد میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 115 روپے اور گھريلو سلنڈر 1330 روپے جب کہ لاہور، گوجرانوالہ، سيالكوٹ، فيصل آباد، سرگودھا، جہلم، گجرات میں فی کلو 125 روپے اور گھريلو سلنڈر 1450 روپے اوراسلام آباد، راولپنڈی، مری میں فی کلو 130 روپے اور گھريلو سلنڈر 1510 روپے کا ہوگیا۔

ایل پی جی کی قیمت میں کمی کے بعد صادق آباد، رحيم يار خان، بہاولپور، ملتان، ڈيرہ غازی خان اور ساہيوال میں فی کلو قیمت 120 روپے اور گھريلو سلنڈر1390 روپے جب كہ گلگت، فاٹا، آزاد جموں كشمير میں فی کلو 135 روپے اور گھريلو سلنڈر 1570 روپے کا ہوگیا ہے۔

مقبول خبریں