پاکستان کے جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ کاامکان ختم

ٹیم کی نیوزی لینڈمیں مصروفیات نے پروٹیزکودوسراحریف تلاش کرنے پر مجبورکردیا


Sports Desk September 20, 2017
زمبابوے یا ویسٹ انڈیز کی ٹیموں میں سے کسی کو مدعو کیا جا سکتا ہے،ذرائع فوٹو: فائل

پاکستان کے جنوبی افریقہ میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کھیلنے کا امکان ختم ہوگیا، مہمان ٹیم کی مصروفیات نے پروٹیزکو دوسرا حریف تلاش کرنے پر مجبور کردیا، زمبابوے یا ویسٹ انڈیز میں سے کسی کو مدعو کیا جاسکتا ہے، کرکٹ جنوبی افریقہ کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگاٹ نے کہاکہ روایتی میچ ضرور کھیلیں مگر مدمقابل ٹیم کا بھی نہیں بتا سکتے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ 26 دسمبر کو باکسنگ ڈے کے موقع پر بھارت سے روایتی ٹیسٹ کھیلنا چاہتا تھا، مگر بھارتی بورڈ نے اپنے ہوم سیزن کو وسعت دینے کی وجہ سے اپنی ٹیم جلد بھیجنے سے انکار کردیا تھا،پروٹیز بورڈ نے بطور متبادل پاکستان سے واحد ٹیسٹ کھیلنے کا عندیہ دیا تھا تاہم گرین کیپس اس روایتی ٹیسٹ کا حصہ نہیں بن سکیں گے کیونکہ ٹیم کو اگلے برس کے آغاز پر ہی نیوزی لینڈ میں سیریز کھیلنی ہے۔

اس بات نے جنوبی افریقی بورڈ کو دیگر آپشنز پر سوچنے پرمجبور کردیا، سب سے زیادہ امکان زمبابوے کو مدعو کرنے کا ہے جس نے 2005 سے پروٹیز دیس میں کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا،یہ مقابلہ پنک بال سے ڈے اینڈ نائٹ بھی ہوسکتا ہے، پہلے ہی سینٹ جارج میں نائٹ ٹیسٹ پر غور کیا جارہا ہے جہاں پر فلڈ لائٹس لگائے جانے کا عمل دسمبر تک مکمل ہوجائیگا۔ اسی طرح ویسٹ انڈین ٹیم بھی اس عرصے میں دستیاب ہوگی،ایک آپشن رواں برس ٹیسٹ اسٹیٹس حاصل کرنے والے افغانستان یا پھر آئرلینڈ میں سے بھی کوئی ہوسکتا ہے۔

کرکٹ جنوبی افریقہ کے چیف ایگزیکٹیو لورگاٹ نے کہاکہ ہم روایتی باکسنگ ڈے ٹیسٹ ضرور کھیلیں گے تاہم فی الحال مدمقابل ٹیم کے بارے میں کچھ نہیں بتا سکتے، جب حتمی فیصلہ ہوجائیگا تو پھر اعلان بھی کردینگے۔ انھوں نے مزید کہاکہ جلد ہی بھارت کے خلاف ہوم سیریز کا شیڈول بھی جاری کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اگر جنوبی افریقہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کھیلتا ہے تو پھر اس ہوم سیزن میں طویل طرز کے مقابلوں کی تعداد 11 ہوجائے گی، ان میں سے 2رواں ماہ بنگلہ دیش کے ساتھ کھیلے جائینگے، آئندہ برس کے آغاز پر بھارت اور پھر آسٹریلیا سے 4، 4 ٹیسٹ شیڈول ہیں۔

مقبول خبریں