پیپلز پارٹی نے سیاسی جماعتوں سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا

نیا بلدیاتی نظام ختم کرنے کے بعد حکمت عملی تبدیل، پیر مظہر کی سربراہی میں کمیٹی قائم


Staff Reporter February 22, 2013
نیا بلدیاتی نظام ختم کرنے کے بعد حکمت عملی تبدیل، پیر مظہر کی سربراہی میں کمیٹی قائم۔ فوٹو: فائل

سندھ میں پیپلزلوکل گورنمنٹ ایکٹ کی واپسی اور 1979کے بلدیاتی نظام کی بحالی کے بعد پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے نئی سیاسی حکمت عملی کے تحت سندھ میں مختلف سیاسی اور دیگر جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات کیلیے سندھ میں مختلف سیاسی قوتوں سے انتخابی اتحاد قائم کرنے پر غور کررہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں بدھ کو نئے بلدیاتی نظام کی واپسی اور پرانے نظام کی بحالی کا فیصلہ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے گزشتہ روز کرلیا تھا۔ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے صوبائی قیادت کو ٹاسک دیا ہے کہ سندھ میں پرانے بلدیاتی نظام کی بحالی کے بعد مختلف جماعتوں سے رابطوں کو بڑھایا جائے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے سینئر صوبائی وزیر پیر مظہر الحق کی سربراہی میں ایک رابطہ کمیٹی قائم کردی ہے جس میں تاج حیدر، آغا سراج درانی، ایاز سومرو، شرجیل انعام میمن اور منظور وسان شامل ہوں گے۔

14

یہ کمیٹی مسلم لیگ (فنکشنل)، عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی اور قوم پرست جماعتوں سے رابطے کرے گی اور آئندہ انتخابات سمیت دیگر امور پر بات چیت کریگی۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے سندھ میں نگراں سیٹ اپ کے قیام کیلیے مختلف سیاسی قوتوں سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی کی مرکزی قیادت نے سندھ قیادت کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں پارٹی کو مزید فعال کیا جائے۔ پیپلزپارٹی سندھ میں عوامی رابطہ مہم کے تحت جلسوں کے شیڈول کا اعلان جلد کردیگی ۔پارٹی قیادت مارچ میں کراچی، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ،نواب شاہ اور دیگر اضلاع میں جلسے منعقد کرے گی، جس سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کرینگے۔

مقبول خبریں